The Latest
وحدت نیوز(لاہور) جشن عید میلاد النبی صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پر مسرت موقع پر مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل و رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زہرا نقوی نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ پیغمبر اسلام (ص)کی شخصیت عالم خلقت کا نقطہ کمال اور عظمتوں کی معراج ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شخصیت ایسی ہمہ گیر اور جامع شخصیت ہے کہ اس کے تمام پہلؤں کا احاطہ ناممکن ہے۔
انہوں نے کہا عید میلاد النبی ص کا جشن شایان شان انداز اور دینی جوش و جزبہ کیساتھ منانا چاہیے لیکن اس مناسبت کا سب سے اہم پہلو سیرت نبوی (ص) کو زندہ کرنا ہے عید میلاد النبی ص کی محافل میں تعلیمات و سیرت رسول اللہ صل اللہ علیہ وآلہ وسلم بیان کی جاے جو کہ اسلامی معاشرے کی تربیت کے لیے ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم امہ کے لئے اہم ہے کہ وہ اسلام اور پیغمبر(ص)کی زیادہ سے زیادہ شناخت و معرفت حاصل کریں، آج دنیائے اسلام کا سب سے بڑا درد فرقہ واریت ہے عالم اسلام کی یکجہتی اور اتحاد کا محور پیغمبراسلام(ص)کا مقدس وجود ہے جن پر تمام مسلمانوں کا ایمان ہے اور جو تمام انسانوں کے احساسات کا مرکزی نقطہ ہیں۔
ان کا مذید کہنا تھا امام خمینی رضوان اللہ علیہ نے بارہ تا سترہ ربیع الاول کو ہفتہ وحدت کا عنوان دیا جسکا مقصد یہ ہے کہ امت مسلمہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرے محبت اور بھائی چارے کے جذبے کو فروغ دے مسلمانوں کو ایک دوسرے کے مدمقابل لانے والی طاغوتی قوتیں پوری طرح سرگرم ہیں ان باطل پرستوں کو شکست دینے کا واحد ذریعہ اتحاد امت ہے۔ ان کا مذید کہنا تھا کہ یہ شیعہ سنی علماء و مشائخ کی ذمہ داری ہے کہ قوم کی فکری و شعوری تربیت کریں اور تعلیمات محمدی ص اس تاریک معاشرے کو منور کریں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)عشق پیغمبر اعظم مرکزوحدت مسلمین کانفرنس جہاں برادران اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے دن رات ایک کیے ہوئے ہیں وہیں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی خواہران بھی اپنی تنظیمی اور اخلاقی ذمہ داری سمجھتے ہوئے اپنے برادران کے ہمراہ اس عظیم اجتماع کی کامیابی کے لئے پیچھے نہیں ۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کے ایک مرکزی وفد جس میں ضلع راولپنڈی اور اسلام آباد کی فعال خواہران شریک تھیں ،نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل برادر ناصر عباس شیرازی سے مرکزی سیکریٹریٹ اسلام آباد میں ملاقات کی برادر ناصر عباس شیرازی نے خواہران کے وفد کو عشق پیغمبر اعظم مرکزوحدت مسلمین کانفرنس کے حوالے سے اور اس کی ضرورت اور اہمیت کے بارے بریف کیا اور کہا کہ اس عظیم پروگرام میں خواہران کی شرکت بےحد ضروری ہے ۔ کم از کم 500 کے قریب خواتین اس پروگرام میں شریک ہوں اور وہ آپ کی ہمت اور کاوش سے ممکن ہے ۔ 3000 افراد کے لگ بھگ کنونشن سنٹر اسلام آباد میں لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے ۔لہذا خواتین اس پروگرام میں بھرپور شریک ہوں ۔
خواہران کی جانب سے محترمہ نرگس سجاد مرکزی سیکریٹری سیاسیات وتربیت نے یقین دلایا کہ جو خواہران آج یہاں پر موجود ہیں وہ سب فعال خواہران ہیں اور ہم نے اس سلسلے میں اپنی فعالیت کا آغاز کر دیا ہے ۔ ان شاءاللہ جس ہستی کے نام پر پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ یہ اتنا بڑا وحدت واتحاد کا اجتماع ہونے جا رہا ہے۔اسی ہستی کے صدقے ہم اپنی تمام تر توانائیوں کو بروئے کار لاتے ہوئے خواتین کی شرکت اور دیئے گئے 500 کے ٹاسک کو پورا کریں گی ۔بلکہ امید سے زیادہ شرکت ہوگی ان شاءاللہ۔
خواہران کے اس وفد میں خواہر بینا شاہ مرکزی آفس سیکریٹری ،خواہر قندیل زہراء مرکزی سیکریٹری یوتھ ، خواہر کنیز فاطمہ صوبائی سیکریٹری گلگت بلتستان کے علاوہ راولپنڈی اور اسلام آباد کی ذمہ دار خواہران بھی اس ملاقات میں موجود تھیں ۔ آخر میں ناصر عباس شیرازی نے خواہران کے عزم وحوصلے کو سراہا اور اطمینان کا اظہار کیا ۔اور شکریہ ادا کیا ۔
وحدت نیوز(کراچی)المجلس ڈیزاسٹرمینجمنٹ سیل شعبہ فلاح وبہبودمجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے ڈائریکٹر سید زین رضا رضوی نے کہا ہے کہ سالہائے گذشتہ کی طرح اس سال بھی اے ڈی ایم سی کراچی بھرمیں جشن عید میلاد النبی ؐ کے موقع پر استقبالیہ کیمپس اور سبیلوں کا اہتمام کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ سربراہ ایم ڈبلیوایم قائد وحدت علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی خصوصی ہدایت پر شہر قائد کے تمام اضلاع میںلگائےگئے استقبالیہ کیمپس اور سبیلوں پر کارکنان وعہدیداران شرکائے جلوس میلادالنبیؐ کابھرپور استقبال کریں گے اور ان کی ٹھنڈے مشروبات اور نیاز سے تواضع کریں گے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہراء نقوی نے عظیم سائنسدان و محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو ایٹمی قوت اور ناقابل تسخیر بنانے والے ملک و قوم کے محسن ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی رحلت پر ہر دل غمزدہ اور ہر آنکھ اشک بار ہے، انہوں نے ملک و قوم کے لیے عظیم خدمات انجام دیں، آج پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے تو یہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان مرحوم کے انتھک محنت اور عظیم جدوجہد کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر استحکام دینے اور ایٹمی قوت بنانے والے ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور ان کی ٹیم کو ہمیشہ قومی ہیرو کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات ملک و قوم اور ان کے اہلخانہ کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ رنج و غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں اور خداوند عالم سے دعاگو ہیں کہ مرحوم کی بے لوث خدمات کی بدولت انہیں اجر کثیر عطا فرمائے اور ان کی اگلی منازل آسان فرمائے۔
وحدت نیوز(اٹک) بی بی زینب ع ایسی شخصیت کی مالک ہیں کہ انہوں نے امام حسین علیہ السلام کی شہادت کے بعد پیام حق دنیا تک پہنچایا اور شہادت امام حسین علیہ السلام کی قربانی کا مقصد بیان کیا ۔محترمہ چمن بی بی نے مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین شین باغ یونٹ ضلع اٹک کے زیر اہتمام منعقدہ مجلس عزا بسلسلہ شہادت حضرت زینب ع سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ دور حاضر میں ہم خواتین کو کردار زینبی پر عمل پیرا ہوتے ہوئے زندگی بسر کرنی چاہیے تاکہ امام وقت کے ظہور کے لیے زمینہ سازی کی جاسکے،مجلسِ کے آخر میں تابوت بی بی زینب ع بھی برآمد کروایا گیا۔
وحدت نیوز(لاہور) پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران پوائنٹ آف آرڈر پرمجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری جنرل و رکن پنجاب اسمبلی سید زہرا نقوی نے وزارت اوقاف اور وزارت مذہبی امور پنجاب سے سوال کیا کہ سرکاری فہرست کے علاوہ موجودغیر رجسٹرڈ دینی مدارس کی تفصیلات سے ایوان کو آگاہ کیا جائےکہ وہ کس کی زیر نگرانی فعال ہیں؟
ان کا کہنا تھا کہ دینی مدارس میں رائج نصاب کی تفصیلات سے ایوان کو آگاہ کیا جائے، نفرت انگیزاور تکفیر آمیز مواد پر مشتمل نصاب کے حوالے سے بھی معززایوان کو آگاہ کیا جائے، انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مزارات اولیاء کی سکیورٹی میں تو کافی بہتری آئی ہے لیکن مزارات کے اندر اور اطراف ایسے شرپسند عناصر کی موجودگی تشویش ناک ہے جو سادہ لوح زائرین کی برین واشنگ میں مصروف ہیںاور عوام کو دین کے نام پرگمراہ کرنے میں مصروف ہیں، جعلی پیر نفرت پھیلانے اور ایسے نظریات کے پرچارمیں مصروف ہیں جواولیائے کرام ؒ کی تعلیمات کے سراسر منافی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام اس پرتفصیلات سے آگاہ کریں اوران اعتراضات پر ایوان کو جواب دیں کہ حکومت نے اس حوالے سے کیا اقدامات اٹھائے ہیں، جس پر ایک سیکریٹری صاحب کے غیر اطمینان بخش جواب کے علاوہ کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
وحدت نیوز(لاہور) شہداے کربلا و نواسہ رسول (ص) امام حسین (ع) کے چہلم کے موقع پر مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل و رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زہرا نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ امام حسین علیہ سلام نے ریگزار کربلا میں یزیدی عزائم کو بے نقاب کرکے اسلام کو درپیش خطرات سے امت کو آگاہ کیا اور اپنی عظیم قربانی پیش کی جو کہ دین اسلام کی بقا کا باعث بنی آج بھی دنیا کے مختلف کونوں سے یزیدیت مختلف صورتوں میں سر اٹھا رہی ہے ہمیں حسینی بن کر ان یزیدی صیہونی اور استعماری سازشوں کا مقابلہ کرنا ہوگا ۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کا ہر کلمہ گو حسینی ہے اس لئے اس کی ذمہ داری ہے کہ یزیدیت کے خلاف ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کام کرے اور سیرت امام حسین علیہ سلام کو اپنے کردار پر نافذ کرتے ہوئے پیغام حسینیت دنیا کے کونے کونے میں پہنچائے ان کا کہنا تھا اربعین حسینی فقط سرزمین عراق تک محدود نہیں رہا بلکہ ایک عالمی نہضت و تحریک کی صورت اختیار کر گیا ہے اور پوری دنیا کے حسینی اربعین کے موقع پر ایک لشکر کی شکل میں گھروں سے باہر نکلتے ہیں اور یہ پیغام دیتے ہیں کہ ہم منتظر و آمادہ ہیں اس الہی رہبر و منجی عالم بشریت کے لیے جو اس پوری دنیا میں ظلم و جور کا خاتمہ کریں گے اور نظام عدل قائم کریں گے ۔
وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری یوتھ خواہر سائرہ ابراہیم نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ گلگت بلتستان میں حالیہ کشیدہ حالات جن کی وجہ ماضی میں کئے گئے فراہمی انصاف کے یک طرفہ فیصلے تھے، انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں کا اہل تشیع کے ساتھ متعصبانہ رویہ کیوں ہے؟
انہوں نے منظر نامہ پیش کرتے ہوئے کہا کے 2005 کے بعد دہشتگردوں نے مختلف علاقوں میں شہید کیا حکومت اور اداروں نے ان فوجی اور پولیس جوانوں کے قاتلوں کو اب تک گرفتار کیوں نہیں کیا انصاف کی فراہمی کیوں نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ دو رینجرزاہلکاروںکے قتل کا دعوی کر کے 14 نوجوانوں کو سزائیں سنانا کہاں کا انصاف ہے وہ کوئی آسمان سے اترے تھے، انہوں نے کہا کے رینجرز کیس میں دو سیدانیوں سمیت 9 افراد شہید کئے گے ان کے قاتل کہاں ہیں ؟
انہوں نے کہا کے سانحہ کوہستان 18 افراد سانحہ چلاس 25 افراد سانحہ بابو سر 25 افراد عید منانے آنے والے مظلوم افراد کو بےدردی سے شہید کیا گیا انصاف فراہم کرنے والے ادارے اس ظلم پر خاموش کیوں ہیں ؟ اہل تشیع مکتب سے تعلق رکھنے والے سیکیورٹی اداروں سے تعلق رکھنے افراد کی فہرست جنہیں 2005 سے 2018تک شہید کیا گیا ان میں سے کسی ایک شہید کو انصاف فراہم نہیں کیا گیا کیا مکتب اہل تشیع کے لئے انصاف کا پیمانہ کچھ اور ہے۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری سیاسیات محترمہ سیدہ نرگس سجاد جعفری نے کہا کہ عزاداری ہمارا آئینی و قانونی حق ہے کسی صورت اس سے دست بردار نہیں ہونگے۔ عزاداری پر کوئی قدغن قبول نہیں کی جائے گی۔ دنیا دیکھے گی اربعین پر پاکستان بھر میں بسنے والے حسینی کربلائی جذبے سے سرشار لبیک یا حسینؑ کی صداؤں کے ساتھ سڑکوں پر نکلیں گے بھمروٹ سیداں میں اربعین کے سلسلے میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کی سازشوں کو باہر نکل کر دفن کردیں گے۔یہ اربعین امام حسینؑ تشیع کی عزت اور آبرو کا دن ہوگا۔ پاکستان کے شیعہ سنی عوام امام عالی مقام علیہ السلام سے عشق کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم پر امن اجتماعات منعقد کر کے یہ ثابت کریں گے کہ دنیا کی کوئی طاقت ہمارے حوصلوں کو شکست نہیں دے سکتی دشمن نے عزاداری چکو محدود کرنا چاہا لیکن یہ مشیت الٰہی ہے کہ وطن عزیز کا ہر گوشہ لبیک یا حسین علیہ السلام کی صداؤں سے گونجے گا ۔
خانم سیدہ نرگس سجاد جعفری نے کہا کہ ملت تشیع کے زعماء کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں کہ جنھوں نے اپنی بصیرت سے دشمن کی سازشوں کو ناکام بنادیا ملت علماء کے حکم کی منتظر ہے علماء جس لائحہ عمل کا اعلان کریں گی ملت اس پر لبیک کہے گی۔
وحدت نیوز(گلگت) پاکستان بھر سمیت گلگت بلتستان میں بھی تحفظ حقوق ملت تشیع و تحفظ عزاداری کے لئے آگاہی مہم جاری ہے، مرکزی سیکٹرٹری یوتھ شعبہ خواتین مجلس وحدت مسلمین محترمہ سائرہ ابراہیم نے خواتین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کے جو ذیادتیاں ملت تشیع کے ساتھ پورے پاکستان بالخصوص گلگت بلتستان میں کی گئیں ہیں اس کا جواب اربعین پر دیا جائےگا۔
علامہ راجہ ناصرعباس کی کال پر ملک بھر سمیت گلگت میں ملت تشیع اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی اور اپنے قائدین کے شانہ بشانہ کھڑی ہو گی، گلگت میں اربعین جلوس پر دیئے جانے والے دھرنوں کے لئے رابطہ مہم کا آغاز کرتے ہوئے خواتین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کے دشمن کی سازش انشااللہ ملت تشیع متحد ہو کر ناکام بنائے گی اور اپنے قائد ین کا ساتھ آخری سانس تک دیں گے۔
انہوں نے کہا کے عصر حاضر کا یزید جتنا طاقتور نظر آتا ہے اتنا ہی اندر سے کمزور ہے وہ ہماری یکجہتی سے ڈرتا ہمیں توڑنے کے لئے مختلف حربے استعمال کرے گا ۔انہوں نے کہا کے ہم پورے پاکستان اور گلگت بلتستان کے تشیع کے ساتھ ہونے والی ذیادتیوں کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔ گلگت بلتستان کی عوام پاکستان میں جہاں بھی مقیم ہیں اپنےقائدین کی آواز لبیک کرتے ہوئے اربعین پر گھروں سے باہر نکلے اور دشمن کو دکھا دیں کہ تشیع وہ قوم ہے جو اگر متحد ہو جائے تو کسی طاقت کو بھی تخت سے زمیں پر لاسکتی ہے، عصر حاضر کا یزید تاریخ ضرور دیکھ لے جب بھی ضرورت پڑی عوام نے اپنے قائدین کی آواز پر لبیک کہا ہے اور بڑی بڑی طاقتوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کے ملک خداداد پاکستان کو اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا تھا اسے مسلکی بنیادوں پر تقسیم ہونے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کے ہمیں اپنے قائد وحدت کے فرمان پر وحدت کا پرچم تھامے اٹھنا اور عصر حاضر کے یزید کو نیست و نابود کرنا ہے اربعین کا دن یزیدیت شکنی کا دن ثابت ہو گا اور عصر حاضر کے یزید سے اپنے حقوق چھین کے لیں گے۔ انہوں نے کہا انشااللہ ہمیشہ کی طرح قائد وحدت علامہ راجہ ناصرعباس کی قیادت میں یہ حقوق کی لڑائی بھی جیت کے رہیں گے۔