وحدت نیوز(سکھر)ضلع سکھر کی تحصیل صالح پٹ میں جلوس عزاداری کے روٹ سے متعلق پیش آنے والے مسائل کے فوری حل کے لیے ڈپٹی کمشنر سکھر جناب ایم بی راجا دھاریجو سے صوبائی جرنل سیکریٹری مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ و میمبر ضلع پیس کمیٹی چوہدری اظہر حسن، صدر مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع سکھر محسن سجاد اتراء ایڈووکیٹ، نائب صدر مولانا انور صابری، جنرل سیکریٹری احسان شر ایڈووکیٹ، پرویز جتوئی ایڈووکیٹ، وحدت ایمپلائیز ونگ کے مرکزی رہنما برادر عبداللہ بلوچ، وحدت یوتھ سکھر ڈویژن کے برادر نبیل حیدر و دیگر شریک تھے۔
ملاقات میں صالح پٹ میں جلوس عزاداری کے قدیمی روٹ کو تبدیل کرنے کی کوششوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ تمام شرکاء نے متفقہ طور پر اس بات پر زور دیا کہ عزاداری کا تاریخی و روایتی جلوس صرف اپنے قدیمی روٹ پر ہی برآمد ہوگا اور حکومت و ضلعی انتظامیہ اس پر مکمل رٹ قائم کرے۔ اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ کسی قسم کا متبادل یا نیا راستہ قابل قبول نہیں ہوگا۔
اس موقع پر شرکاء نے آج انتظامیہ کی جانب سے کی گئی ناجائز گرفتاریوں پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ پرامن عزاداروں کی حراست ناانصافی ہے اور ان تمام افراد کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔
ملاقات میں یہ بھی طے پایا کہ مقامی سطح پر صالح پٹ کے ذمہ دار افراد کے ساتھ مشاورت اور تعاون کے تحت اس مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے گا، تاکہ ہر سال جلوس عزاداری بخیر و خوبی، پرامن اور منظم انداز میں اپنے تاریخی راستے پر جاری و ساری رہ سکے۔
شرکاء نے زور دیا کہ تمام آئینی و قانونی راستے اختیار کیے جائیں گے اور مجلس وحدت مسلمین، پیس کمیٹی و دیگر تنظیمیں اتحاد، امن اور بھائی چارے کے پیغام کو عام کرتی رہیں گی۔