The Latest
وحدت نیوز (مظفرآباد) تفصیلات کے مطابق ملت جعفریہ کی جملہ تنظیمات پر مشتمل کمیٹی کا اجلاس دفتر مجلس وحدت مسلمین مظفرآباد میں منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت سرپرست اعلی علامہ مفتی سید کفایت حسین نقوی نے کی۔ اجلاس میں چیئرمین کمیٹی سید شبیر حسین بخاری سربراہ جعفریہ سپریم کونسل آزاد کشمیر،علامہ سید فرید عباس نقوی وائس چیئر مین جعفریہ سپریم کونسل آزاد کشمیر، مولانا طالب حسین ہمدانی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر،مولانا سید معصوم علی سبزواری صدر شیعہ علماء کونسل ضلع مظفرآباد،سید شجاعت علی کاظمی کوآرڈینیٹرانسداد دہشت گردی ایکشن کمیٹی،سید راشد علی نقوی صدر انجمن جعفریہ جہلم ویلی ،سید تصور عباس موسوی،نمائندہ آئی او،نمائندہ آئی ایس اوکے علاوہ دیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں علامہ تصور جوادی کیس پر انتظامی کارکردگی پر سخت مایوسی کا اظہار کیا گیا،انتظامی اداروں کی اس کیس پر عدم پیش رفت ایک مجرمانہ فعل ہے اور ناقابل معافی عمل ہے۔ شرکاء اجلاس نے کہا کہ ایس ایس پی مظفرآباد کی کارکردگی صفر ہے، پولیس آفیسر مجرمان کو تحفظ دینے کی کوشش کر رہے۔ 15فروری 2017کے واقعہ کے بعد آزادکشمیر میں بالعموم اور مظفرآباد ڈویژن میں بالخصوص کالعدم تنظیموں کی فعالیت عروج پر پہنچ چکی ہے جسکی بارہا نشاندہی کی گئی لیکن انتظامیہ نے بات گول کر دی۔مقررین نے کہا کہ اب اس کیس کا فیصلہ سڑکوں پر ہو گا اور حالات کی تمام تر زمہ داری انتظامیہ پر ہو گی۔ کوآرڈینیٹرکمیٹی سید طالب حسین ہمدانی کے کہا کہ ہم انتظامیہ کے ساتھ امذید ملاقاتیں نہیں کریں گے بلکہ اب انتظامیہ کو ہمارے تحفظات دور کرنے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ 15فروری 2018کو مظفرآباد ڈویژن میں دما دم مست قلندر ہو گا،اور اسی طرح کا احتجاج ہو گا جیسا اْس سانحہ کے روز ہوا تھا۔اب کی بار احتجاج چارٹر آف ڈیمانڈ مکمل ہونے تک جاری رہیگا۔ شرکاء اجلاس نے بہت جلد ایک تفصیلی پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کیا جس میں آئندہ کا لائحہ عمل پیش کیا جائے گا۔اجلاس میں اس بات کا بھی فیصلہ ہوا کہ جلدازجلد وزیراعظم آزادکشمیر سے ایک آخری ملاقات کی جائے گی اور اپنے تحفظات و آئندہ کا لائحہ عمل سامنے رکھا جائیگا۔
وحدت نیوز (کراچی) بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے پر بصیرت افکارکو مشعل راہ بنانے سے ہماری ساری مشکلات کا خاتمہ ممکن ہیں۔خارجی اثرات سے آزاد ایسی ریاست قائد اعظم کا خواب تھا جہاں ہر شخص کو اسلام کے اصولوں کے مطابق آزادنہ زندگی گزارنے کے مواقع میسر ہوں۔جہاں اقلیتوں کو تحفظ ملے ۔ دہشت گردوں سے چھٹکارا دلا کر اس ملک کو قائد اعظم کا پاکستان بنانا ہو گا۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے رہنما علی حسین نقوی نے قائد اعظم کی141 ویں یوم ولادت کی مناسبت سے وحدت ہاوس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم ایک مخلص اور قوم کا حقیقی درد رکھنے والے رہنما تھے۔انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کی علحیدہ ریاست کے لیے ایک طویل جنگ لڑی اور اپنے اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے الگ وطن حاصل کیا۔ ہمارا یہ وطن قائد کی عظیم جدوجہد اور لاکھوں قربانیوں کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا۔ہمیں اس کی حفاظت کرنے کے لیے اسی درد اور اخلاص کے ساتھ تگ و دو کرنے کی ضرورت ہے۔قائد اعظم کے بتائے ہوئے رہنما اصولوں پر کاربند رہنے سے ہم معاشرے میں باوقار مقام حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں مل کر تجدید عہد کرنا ہو گا کہ ہمارا اس مٹی سے عشق مرتے دم تک قائم رہے گا ۔علامہ ناصر عباس جعفری کی ہدایت پر مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکرٹریٹ و علاقائی دفاتر میں قائد اعظم کی یوم ولادت کے موقع پر لیکچرز اور سیمنارز منعقد کیے گے ، تقریبات سے مرکزی رہنماعلامہ احمد اقبال رضوی،علامہ مختار امامی ،علامہ صادق جعفری،مولانا احسان دانش ،علی حسین نقوی ،عالم کربلائی ،مولانا نشان حیدر ساجدی،ناصر حسینی ،حیدر زیدی ،آصف صفوی، نےخطاب کیااور بانی پاکستان سمیت شہدائے کے بلندی درجات کیلئے فاتحہ خوانی اور خصوصی دعا کرائی گئی ۔
وحدت نیوز(کراچی) بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقعہ پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنماؤں نے مزار قائد پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی و ضلعی دفاتر میں تقریبات کا بھی انعقاد کیا گیا جن میں بانی پاکستان کی عظیم جدوجہد اور اعلی فکری اقدار کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم ولادت حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور محسن ملت بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی یوم پیدائش پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کو ترقی و استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ان کے روشن وژن سے رہنمائی حاصل کی جائے۔قائد اعظم کی خواہش ایک ایسی خودمختار ریاست کا حصول تھی جہاں اسلام کے سنہری اصولوں کے مطابق زندگی گزاری جا سکے لیکن بدقسمتی سے اس ملک کی باگ دوڑ ایسے حکمرانوں کے ہاتھ لگی جنہوں نے اپنی نا اہلی کی بنا پر وطن عزیز کو بیرونی طاقتوں کے ہاتھوں یرغمال بنا لیا۔ہمارے داخلی معاملات میں سامراجی و طاغوتی قوتوں کی مداخلت نے ارض پاک کو معاشی وسماجی اعتبار سے مفلوج کر کے رکھ دیا۔وطن عزیز کو پراکسی وار کا حصہ بنا کر دہشت گردی کا شکار کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اس پاکستان کی تعمیر کرنی ہے جس کے حصول کے لیے قائد اعظم نے عملی جدوجہد کی۔آج کے دن اپنے عظیم قائد سے تجدید عہد کرنا ہو گا کہ ملک کی ترقی و استحکام کے لیے ہر شخص پر خلوص انداز سے اپنا انفرادی کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکمران اور سیاسی اشرافیہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے افکار و نظریات سے کوسوں دور ہیں،آج کے دن قوم کو عہد کرنا ہوگا کہ ہم وطن عزیز سے اس طبقاتی نظام کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کر کے پاکستان کو قائد اور اقبال کے افکارو نظریات کے مطابق ایک اسلامی جمہوری ریاست بنانے میں عملی جد وجہد کریں۔یوم ولادت حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی یوم پیدائش پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن مسلمانوں اور مسیحی برادری دونوں کے لئے اہمیت کا حامل اور خوشی کا دن ہے،پیغمبر خدا حضرت عیسی ٰ علیہ السلام کی تعلیمات پر عمل کر کے ہم دنیا بھر میں امن اور محبت کی شمع روشن کر سکتے ہیں،دنیا میں جابرانہ نظام کیخلاف عملی جدو جہد کے لئے انبیاء علیہماالسلام کی زندگیاں ہمارے لئے نمونہ عمل ہے،تمام ابنیاء کرام ؑ نے اپنی زندگیاں ظلم اور ظالمانہ نطام کے خلاف جدو جہد اور خدائے بزرگ و برتر کے حقیقی پیغام کو بنی نوع انسان تک پہنچانے کے لئے وقف کی،آج کے ظالم قوتوں کیخلاف اور مظلومین جہاں کی حمایت میں آواز بلند کرنے والے ہی انبیاء کرام ؑ کے حقیقی پیروکار ہیں،مسیحی برادری وطن عزیز میں بسنے و الے ہمارے بھائی ہیں،اور یوم ولادت پیغمبر خدا حضرت عیسی ؑ کی پرمسرت خوشیوں میں ہم ان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں،پیغمبر خدا حضرت عیسیٰ ؑ پر ایمان کے بغیر کسی بھی مسلمان کا ایمان مکمل نہیں۔
وحدت نیوز (جیکب آباد) قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر مجلس وحدت مسلمین جیکب آباد کے زیر اہتمام بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح ؒ کی سالگرہ کے سلسلے میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کا عنوان تھا (ہمیں قائد اعظم ؒ کا پاکستان چاہیئے) تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین سندہ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی نے کہا کہ نبی خدا، حضرت عیسیٰ ؑ عالم انسانیت کے عظیم رہبر ہیں ،جنہوں اعلیٰ انسانی قدروں کو زندہ کیا، اللہ کی عبودیت و بندگی، عفو و درگذر،انسانیت کی خدمت اور اصلاح معاشرہ ان کی تعلیمات کا حصہ ہے۔ دو ہزار سال کا طویل عرصہ گذر جانے کے باوجود آج بھی ان کی عظیم تعلیمات، عالم انسانیت کا عظیم سرمایہ ہے۔ دنیا بھر میں موجود پیروان حضرت عیسیٰ ؑ کو ان کا یوم ولادت مبارک ہو۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح ؒ بر صغیر کے عظیم مدبر رہنما تھے، جنہوں نے انتھک جدوجہد کے ذریعے ایک آزاد اور خودمختار ریاست کی بنیاد رکھی اور قوم کو انگریز کی غلامی سے نجات دلائی اپنی سچائی اور کردار کی بلندی کے باعث، آج بھی پوری قوم اپنے محبوب قائدسے بے لوث محبت کرتی ہے۔ قائد اعظم ؒ کو کافر اعظم کہنے والے آج بھی قائد کے پاکستان کے لئے خطرہ ہیں ،جنہوں نے دھشت گردوں کے لشکر تیار کئے اور عوام کا قتل عام کیا۔ پاک فوج اور پولیس کے جوانوں پر دھشت گرد حملے کئے ان تکفیری دھشت گردوں سے آج بھی قائد کے پاکستان کو خطرہ ہے۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی رہنما علامہ سیف علی ڈومکی، مولانا منور حسین سولنگی و دیگر نے خطاب کیا اس موقع پرقائدؒ کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ آخر میں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔
وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ صادق جعفری نے پہلے مرحلے میں اہم شعبہ جات کیلئے ڈویژن کابینہ کے اراکین کا اعلان کردیا ہے، ان خیالات کا اظہارایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کے سیکرٹری جنرل مولاصادق جعفری نے وحدت ہاوس انچولی میں جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ان کا کہنا تھا کہ باقی شعبوں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ اعلان کردہ کابینہ اراکین میں ڈپٹی سیکٹری جنرل علامہ مبشر حسن، سیکرٹری تنظیم سازی ذیشان حیدر، سیکرٹری اطلاعات احسن عباس، سیکرٹری مالیات فاران رضوی، سیکرٹری سیاسیات میر تقی ظفر، سیکرٹری فلاح و بہبود سید ذین رضوی، سیکرٹری یوتھ کاظم عباس شامل ہیں، انہوں نے نئی کابینہ کے اراکین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حیثیت تشیع اجتماعی فرائض ادا کئے بغیر ہم اپنی ذمہ داری سے عہدہ برا نہیں ہوسکتے۔ ہمارے مکتب کے مطابق حضرت علی علیہ السلام سیاسی و مذہبی دونوں حوالوں سے امام ہیں۔ جب تک تشیع پاکستان کی تمام طاقتیں یکجا نہ ہوں گی، کامیابی سے ہمکنار نہیں ہوسکتے۔ ایک تشکل کی صورت میں اکٹھے ہو کر ہی ملت تشیع کی خاطر بہتر انداز میں کام کیا جاسکتا ہے۔ ایم ڈبلیو ایم قوم کو اکٹھا کرکے سیاسی طاقت بنانا چاہتی ہے۔ ملت کے لئے کئی طرح کے نظریات پیش کئے گئے، ایک یہ ہے کہ ہم اس پورے سسٹم سے قطع تعلق ہو جائیں، اس فکر پر عمل کرکے ہم بدترین حکمرانوں کو خود پر مسلط کرنے کے ذمہ دار ہوں گے، دوسرا یہ ہے کہ ہم مختلف سیاسی پارٹیوں کو ووٹ دیں، جس کا تجربہ ہم نے گذشتہ کئی دہائیوں میں کیا، کوئی خاطر خواہ نتیجہ نہ نکل سکا۔ کوئٹہ سے لیکر ڈی آئی خان اور پاراچنار کے لوگ بتا سکتے ہیں کہ گذشتہ 70سال تک ہم ان پارٹیوں میں رہے، یہ ہمیں اپنی جیب کا ووٹ سمجھنے لگیں، قوم کو جائز حق نہ مل سکا۔ اور سیاسی غلام بنا کر رکھ دیا گیا، جس کے اثرات ہماری نسلوں کے اذہان پر منتقل ہوتے چلے گئے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ ایک نومولود کو بھی نام کی ضرورت ہوتی ہے۔ ہم نے شہید قائد کی فکر کو جاری رکھتے ہوئے، قوم کو سیاسی شناخت دی، ایم ڈبلیو ایم پہلا قدم ہے۔ سیاسی پارٹیاں جان چکی ہیں کہ تشیع کے حقوق کی وارث جماعت میدان عمل میں کود چکی ہے۔ ہمیں اب سیاسی جماعتوں کو باور کرانا ہوگا کہ پورے ملک میں پھیلا ہوا مومنین کا ووٹ ملت تشیع کا ووٹ بینک ہے، جس کا ملت تشیع کو فائدہ ہونا چاہیے۔ شہید قائد چاہتے تھے کہ اس پاک وطن کی خارجہ، داخلہ اور دیگر پالیسیز پر تشیع کا کردار موجود ہو۔ اس ملک کی تقدیر کے فیصلے ملت تشیع کی رضا مندی کے ساتھ ہوں۔ وہ ملت جو اپنے ملک میں اپنی شناخت پیدا نہ کرسکے، امام زمانہ (عجل) کی نصرت کی جانب کیسے قدم بڑھائے گی۔
وحدت نیوز(مظفر گڑھ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان،ضلع مظفرگڑھ کا تیسرا ضلعی شورٰی کا اجلاس و تربئتی ورکشاپ 07 جنوری 2018 بروز اتوار صبح 09:00 بجے مظفرگڑھ میں ہوگا۔ جس میں ضلع تمام یونٹس شرکت کریں گے۔ اس حوالے سے کابینہ کے اراکین پہلی فرصت میں یونٹس کے دورے کریں گے اور یونٹس مسؤلین کو دعوت دینگے۔ اس بات کا اعلان ایم ڈبلیو ایم ضلع ظفر گڑھ کے سیکرٹری جنرل علی رضا طوری نے کابینہ اجلاس کے دوران کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انشااللہ شورٰی کے اجلاس کے اختتام پر امریکہ اور اسرائیل کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی جائیگی۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع مظفرگڑھ کی ماہانہ کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ جات ہوئے۔ اجلاس میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی ایڈوکیٹ کی جنوری میں مظفرگڑھ آمد پر انشااللہ بھر پور استقبال کیا جائے گا۔ مظفرگڑھ اور کوٹ ادو میں مومنین سے خطاب کریں گے اور پریس کانفرنس بھی کریں گے۔ 13, 14 کو ملتان میں شعبہ جاتی تربئتی پروگرام میں متعلقہ شعبوں کے مسؤلین شرکت کریں گے۔
وحدت نیوز(آرٹیکل) مسئلہ فلسطین کا ذکر آتے ہی سنہ1948ء کا تاریخی نکبہ یعنی فلسطینیوں پر ڈھائی جانے والی صیہونی مصیبت ارو تباہی غاصب اسرائیل کے وجود کا خیال آتا ہے جس کے بعد سے آج تک تقریبا ستر سالہ دور میں مظلوم فلسطینی ملت غاصب صیہونیوں کے شکنجہ میں ہے اور بد ترین مظالم برداشت کر رہی ہے اور خاص بات تو یہ ہے کہ امریکی حکومت روز اول سے ہی غاصب جعلی ریاست اسرائیل کے وحشت ناک مظالم کی سرپرستی کر رہی ہے اور صیہونیوں کے لئے مسلسل اسلحہ کی امداد میں اربوں ڈالرز غاصب اسرائیل کو دے چکی ہے اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔ حالیہ دنوں امریکی حکومت نے انسانی قتل وغارت کے ساتھ ساتھ فلسطینیوں کے خلاف ہی نہیں بلکہ پوری مسلم امہ اور مسیحی برادری کے خلاف ایسا اقدام اٹھا لیا ہے کہ جس کے باعث نہ صرف دنیا کے ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں بلکہ دنیا بھر میں موجودکروڑوں مسیحی مذہب کے پیروکاروں کے جذبات کو بھی ٹھیس پہنچی ہے کیونکہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے فلسطین کے تاریخی دارلحکومت یروشلم (القدس) کو صیہونی غاصب جعلی ریاست اسرائیل کے لئے دارلحکومت قرار دینے کا یکطرفہ فیصلہ اور اعلان کیا ہے اس عنوان سے دنیا بھر میں مسلم دنیا احتجاج کر رہی ہے جبکہ فلسطین کے اندر مسیحی عوام نے بھی امریکی حکومت کے اس فیصلہ کو مسترد کرتے ہوئے اسے عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے اسی عنوان سے سب سے اہم پیش رفت انڈونیشیا کے دارلحکومت جکارتہ میں منعقد ہوئی جو کہ ٹھیک 7دسمبر کو جکارتہ کی پارلیمنٹ میں منعقد ہوئی جبکہ 6دسمبر کو امریکی حکومت نے یروشلم کو صیہونی حکومت کا دارلحکومت بنانے کا اعلان کیا تھا۔جکارتہ میں ہونے والی کانفرنس میں اہم ترین فیصلے کئے گئے جس کو ’’اعلان جکارتہ‘‘ کا عنوان دیا گیاہے۔
جکارتہ کی پارلیمنٹ میں منعقد ہونے والی کانفرنس کاعنوان ’’اعلان بالفور کے ایک سو سال اور فلسطین پر صیہونی غاصبانہ تسلط اور فلسطینیوں کی مزاحمت‘‘ رکھا گیا تھا جس میں انڈونیشیا کی اہم شخصیات سمیت پانچ سو سے زائد این جی اوز، انسانی حقوق کے لئے سرگرم عمل اداروں کے اراکین سمیت سول سوسائٹی کے نمائندوں اور بالخصوص فلسطین،پاکستان ، لبنان، شام،ایران،بھارت، ملائیشیا، فلپائین،ارجنٹائن سمیت دیگر ممالک کے مندوبین نے شرکت کی۔ بین الاقوامی مندوبین میں فلسطین سے معروف اسکالر طاہر شیخ، پاکستان سے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور پی ایچ ڈی ریسرچ اسکالر صابر ابومریم، لبنان سے عالمی تحریک برائے حقوق واپسی فلسطین کے سربراہ شیخ یوسف عباس، ایران سے انقلاب اسلامی ایران کے بانی رہنما آیت اللہ امام خمینی کی دختر محترمہ ڈاکٹر زہرا مصطفوی ، فلسطینی تحریک آزادی کی این جی اوز کے اتحاد کے ترجمان سروش نژاد، بین الاقوامی خبر رساں ادارہ قدس پریس کے سربراہ شکیبائی ، بھارت سے معروف اسکالر او ر فلسطین موومنٹ کے چئیر مین فیروز مٹھی بور والا ، ملائیشیا سے علماء کونسل کے مرکزی رہنما شیخ محمد عزمی، فلپائن سے فلسطین فاؤنڈیشن کے چیئر مین علی البنال اور ارجنٹائن سے رابن سہیل اسد و دیگر نے شرکت کی ۔
کانفرنس کی میزبانی وائس آف فلسطین انڈونیشیا کے چیئر مین مجتہد ہاشم کی جانب سے کی گئی تھی جبکہ کانفرنس میں جکارتہ کی معروف شخصیات پارلیمنٹ کے اراکین بین الاقوامی ہم آھنگی برائے مذہب کے صدر اور صدر انڈونیشیا کے ترجمان بالترتیب رکن اپرلیمنٹ ڈاکٹر زلکفی حسن، عبد اللہ بیک، معروف پانسیلا، ایما راچمن اور دیگر نے شرکت کی۔
کانفرنس کے اختتام پر شرکائے کانفرنس سے متفقہ طور پر مسئلہ فلسطین کی موجودہ صورتحال کہ جس میں امریکی صدر نے القدس شہر کو غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کا دارلحکومت بنانے کا فیصلہ کیا ہے ، اس حوالے سے اہم اعلان جاری کیا جسے تاریخی حیثیت دیتے ہوئے ’’اعلان جکارتہ‘‘ کا نام دیا گیا ہے، واضح رہے کہ یہ کانفرنس اعلان بالفور کے ایک سو سالہ سیاہ تاریخ کی مذمت میں منعقد کی گئی تھی جس پر اعلان جکارتہ کی ایک تاریخی حیثیت تسلیم کی گئی ہے۔اعلان جکارتہ مندرجہ ذیل ہے۔
اعلان جکارتہ میں کہا گیا ہے کہ ہم انڈونیشیا کے دارلحکومت جکارتہ میں پارلیمنٹ ہاؤس میں مورخہ7,8دسمبر2017 ء کو منعقد ہونے والی عالمی فلسطین کانفرنس کے شرکاء جو کہ فلسطین، پاکستان، لبنان، شام، ایران، بھارت، ارجنٹائن، فلپائن، ملائیشیا اور انڈونیشیا سے تعلق رکھتے ہیں متفقہ طور پر اعلان کرتے ہیں کہ، تحریک آزادئ فلسطین کہ جس کا دارلحکومت یروشلم شہر (القدس شہر) ہے اس کی حمایت جاری رکھیں گے، ہم دنیا بھر کے عوام اور اقوام سے کہتے ہیں کہ وہ فلسطینیوں کی تحریک آزادی کے لئے دنیا بھر میں جاری عالمی مزاحمت اور انتفاضہ فلسطین کی حمایت جاری رکھیں تا کہ فلسطین کے مظلومین کے لئے سنہ1948ء کی سرحدوں پر محیط ایک آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کہ جس کا دارلحکومت القدس ہو، اوروہ تمام فلسطینی اقوام (مسلمان، عیسائی، یہودی) اوروہ لوگ کہ جو سنہ1917ء سے پہلے اور بعد میں دوسرے ممالک سے ہجرت کر کے فلسطین نہ آئے ہوں باہم اتفاق و یکجہتی کے ساتھ فلسطین میں زندگی بسر کریں۔اعلان جکارتہ کے سات نکات میں دوسرا اہم نکتہ میں کہا گیا ہے کہ ہم شرکائے عالمی فلسطین کانفرنس ۔ جکارتہ واضح طور پر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے فلسطین کے دارلحکومت القدس ۔یروشلم کی حیثیت بدلنے کے یکطرفہ فیصلہ کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔دنیا کے تمام ممالک کی جانب سے ٹرمپ کے اس فیصلہ کو زبردست طریقے سے مسترد کر دیا گیاہے ۔امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کاالقدس سے متعلق یکطرفہ فیصلہ تمام بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی کھلی توہین اور خلاف ورزی ہے۔ہم ٹرمپ کی جانب سے فلسطینی دارلحکومت القدس کو اسرائیل کا دارلحکومت قرار دینے کے اس اعلان کویروشلم کے لئے شدید خطر ناک تصور کرتے ہیں اور اسے فلسطین و القدس کو صیہونیوں کے لئے یہودیانے کی سازش کا حصہ سمجھتے ہیں جو کہ نہ صرف یروشلم میں موجود مسلمانوں کے مقدس مقامات کے لئے سنگین خطرہ ہے بلکہ مسیحی مقدس مقامات کو بھی شدید خطرہ لاحق سمجھتے ہیں۔
اعلان جکارتہ کے تیسرے بیان میں کہا گیا ہے کہ دنیا اس بات پر شاہد ہے کہ برطانوی استعمار کی جانب سے فلسطین کی تقسیم کے لئے پیش کیا گیا ’’اعلان بالفور‘‘ فلسطینیوں کے لئے ’’نکبہ‘‘ ثابت ہوا جس کے باعث گذشتہ ایک سو سال سے فلسطینیوں کی نسلوں کی تباہی جاری ہے ، ہم متفقہ طور پر اعلان کرتے ہیں کہ برطانوی استعماری حکومت کی جانب سے سنہ1917ء میں فلسطینیوں کے خلاف پیش کیا جانے والا ’’اعلان بالفور‘‘ ایک ناقابل رحم اور ناقابل معافی جرم ہے ۔چہارم بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم فلسطین پر اسرائیلی غاصبانہ تسلط اور فلسطین کے مظلوم عوام پر غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے ناجائز تسلط اور روزانہ کی بنیادوں پر فلسطینیوں پر جاری رکھے جانے والے صیہونی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔اعلان جکارتہ کا پانچواں نکتہ دنیا بھر میں تحریک آزادی فلسطین کے لئے سرگرم افراد سے اپیل سے متعلق ہے کہ جس میں کہا گیا ہے کہ ہم دنیا بھر میں تحریک آزادئ فلسطین کے لئے سرگرم عمل اداروں، گروہوں، تنظیموں، این جی اوز، سول سوسائٹی، سیاسی ومذہبی جماعتوں اور رہنماؤں، انسانی حقوق اور امن پسند کارکنوں سے کہتے ہیں کہ سب کے سب متحد ہو کر ایک آواز ہو تے ہوئے فلسطین کی آزادی کے لئے جاری مزاحمت اور مزاحمتی گروہوں کی حمایت کریں اور فلسطین کے مقدس دارلحکومت القدس کے دفاع وتحفظ کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔اعلان جکارتہ کا چھٹا نقطہ خصوصی طور پر مسلم و اسلامی دنیا سے متعلق ہے کہ جس میں زور دے کر کہا گیا ہے کہ ہم خصوصی طور پر مسلم دنیا سے کہتے ہیں کہ القدس کے دفاع کے لئے اپنی صفوں میں اتحاد کو قائم رکھیں اور دشمن کے منفی ہتھکنڈوں فرقہ واریت، تقسیم اور دیگر منفی سازشوں کا مقابلہ اپنی وحدت اور اتحاد سے کرتے ہوئے آگے بڑھیں اور فلسطین و القدس سے متعلق اپنی شرعی ذمہ داریوں کو انجام دیں تا کہ القدس غاصب صیہونیوں کے شکنجہ سے آزاد ہو جائے۔اعلان جکارتہ کے ساتویں اور آخرین نقطہ میں بیان کیا گیا ہے کہ ہم شرکائے عالمی فلسطین کانفرنس جکارتہ فلسطینی مہاجرین کہ جنہیں غاصب صیہونیوں نے جبری طور پر فلسطین سے بے دخل کیا ہے ان سب فلسطینیوں کے کے حق واپسی کی بھرپو ر حمایت کرتے ہیں ، ہم عالمی برادری سے غزہ کے مسلسل کئی سالہ صیہونی محاصرے کے خاتمہ کا مطالبہ کرتے ہیں اور فلسطین بالخصوص مغربی کنارے میں صیہونی آباد کاری کے عمل کو فی الفور روکنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
تحریر: صابر کربلائی
وحدت نیوز(بہاولپور) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے قائم مقام سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی نے صوبائی سیکرٹری تربیت سید وسیم عباس زیدی کے ہمراہ بہاولپور کا دورہ کیا، دورے کے دوران بہاولپور کے ضلعی سیکرٹری جنرل سید اظہر حسین نقوی اور کابینہ کے رہنمائوں سے ملاقات کی، اس موقع پر صوبائی رہنمائوں نے 13 ،14 جنوری کو ملتان میں ہونے والے ''مہدی برحق تنظیمی و تربیتی ورکشاپ ''کی دعوت دی اور ضلع کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سلیم عباس صدیقی کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین 25دسمبر کو قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ہدایت پر ''یوم قائداعظم'' شایان شان طریقے سے منائے گی، جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں مختلف نوعیت کے پروگرام منعقد کیے جائیں گے، اُنہوں نے مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین قائداعظم کے پاکستان کا مطالبہ کر رہی ہے، دشمن ہمیں تقسیم کرنا چاہتا ہے، ہم اتحاد بین المسلمین کے ذریعے دشمن کی ہر سازش ناکام بنا دیں گے۔
وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی ضلع جنوبی شعبہ امور سیاسیات کی جانب سے حلقہ 114 میں تقریب بزم سپاس کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی سعید غنی ایم ڈبلیو ایم رہنما علی حسین نقوی، بلدیاتی نمائندوں، واٹر بورڈ حکام اور پی پی پی اور ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں اور کارکنان نے شرکت کی، ماہ محرم الحرام، صفر اور ربیع الاول میں حلقہ 114 میں عزاداران حسینی اور عاشقان رسول ﷺ کی بہترین خدمت اورعوامی مسائل کے بروقت حل پر رکن سندھ اسمبلی سعید غنی، بلدیاتی نمائندگان، واٹر بورڈ حکام اور کارکنان میں اعزازی اسناد اورشیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر اور حلقہ پی ایس 114 سے منتخب رکن سندھ اسمبلی سعید احمد غنی نے کہا کہ تمام قومی ایشو پر ایم ڈبلیو ایم میدان میں موجود رہی ان کی خدمات لائق تحسین ہیں، شہر قائد کے بنیادی مسائل کا حل ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں، حلقہ پی ایس 114 میں ضمنی الیکشن سے اب تک سندھ حکومت کی جانب سے عوامی مسائل کے حل کیلئے کئے جانے والے اقدامات میں ایم ڈبلیو ایم کے بھرپور تعاون پر ان کا شکر گزار ہوں، پیپلز پارٹی نے شہری حقوق کی بحالی دہشت گردی، بھتہ مافیا سمیت دیگر جرائم کے خلاف واضح مؤقف اختیار کیا، شہر قائد کی ترقی کیلئے عملی جدوجہد و عوامی خدمت ہمارا منشور ہے، عوامی مسائل کا حل منتخب نمائندوں اور سرکاری ملازمین کا فرض اولین ہے لیکن اس انداز کی تقاریب حوصلہ افزاء اور قابل ستائش ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی رہنما سید علی حسین نقوی کا کہنا تھا کہ حلقہ پی ایس 114 میں تیس سال سے منتخب ہونے والے اسمبلی اراکین نے کوئی ترقیاتی کام نہیں کروائے، شدت پسندی کی مخالفت میں پیپلز پارٹی ہماری ہم خیال جماعت ہے، حلقہ 114 میں رکن صوبائی اسمبلی سعید غنی نے بنیادی حقوق سے محروم عوام کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کیا، ہم امید کرتے ہیں کے یہ ایسی طرح دل و جان سے شہری و علاقائی مسائل کے حل کیلئے اپنی خدمات انجام دیتے رہیں گے۔ تقریب میں چیئرمین یو سی 4 فرحان غنی، لیبر کونسلر نثار خان، علاقائی صدر محمد اقبال، چیئرمین کراچی ایڈمن ایسوسی ایشن کاشف شیخ، ایکس سی این واٹر بورڈ اعجاز احمد، محمد امجد، ڈائریکٹر پارک اقبال شیخ، ایکس سی این سیوریج بورڈ عمران عبداللہ، ایکس سی این مبین شیخ، انسپیکٹر سیوریج علی اصغر، ڈپٹی ہیلتھ ڈائریکٹر عامر عباس، انسپیکٹر سیورریج محمد عاصم، سب انجینئر واٹر بورڈ عارف ستار کو بہترین خدمات پر اسناد و شیلڈ بھی دی گئی۔ جبکہ تقریب میں معروف ٹی وی آرٹسٹ ، ہدایتکار اور پی پی پی کے رہنما قیصر خان نظامانی، ایم ڈبلیو ایم رہنما ناصر حسینی، میر تقی ظفر، مولانا غلام علی عارفی، مولانا علی عباس زیدی، مولانا علی محمد رحمانی، مولانا نثار احمد فردوسی و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر 25 دسمبر یوم ولادت بانیء پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے موقعہ پر ملک چاروں صوبوں سمیت آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں "ہمیں قائد اعظم کاپاکستان چاہیئے "کے عنوان سے ریلیاں اور سیمینار منعقد کرائیں گے،لاہور صوبائی سیکرٹریٹ ایم ڈبلیوایم پر پیغمبر خدا حضرت عیسی علیہ السلام اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی یوم ولادت کے سلسلے میں پروقار تقریب کا اہتمام کریں گے،جس میں مختلف مکاتب و مذاہب کے اکابرین کو مدعو کیا گیا ہے،مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ ہم انتہاپسندی،فرقہ واریت کیخلاف اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں گے، ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے تکفیریت کو ختم کرنا ہوگا، مسلمانوں کی تکفیر کرنے والے لوگ ہی دراصل معاشرے میں تقسیم اور قتل و غارت گری کے ذمہ دار ہیں،ہم تکفیریوں کو شلٹر دینے کے کسی بھی عمل کو ملک و قوم اور شہداء کے پاکیزہ لہو سے خیانت تصور کریں گے،قائد اور اقبال کے پاکستان کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔