وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین صوبہ بلوچستان کاصوبائی جانثاران امام عصرؑکنونشن کوئٹہ میں منعقد ہوا، جس میں مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری، علامہ اعجازبہشتی، ناصرشیرازی، علامہ ہاشم موسوی ، آغا رضاسمیت اراکین صوبائی کابینہ اور ضلعی عہدیداران نے شرکت کی، اراکین صوبائی شوریٰ نے کثرت سے علامہ برکت علی مطہری کودوبارہ ایم ڈبلیوایم بلوچستان کے صوبائی سیکریٹری جنرل منتخب کرلیا، مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے ان سے عہد ے کا حلف لیا، علامہ برکت علی مطہری کو دوبارہ ایم ڈبلیوایم کا صوبائی سیکریٹری جنرل منتخب ہونے پر مرکزی ، صوبائی اور ضلعی رہنمائوں نے دلی مبارک باد پیش کی ہے اور ان کی کامیابی کیلئے دعاکی ہے، علامہ برکت مطہری نے اپنی کابینہ کی تشکیل کے پہلے مرحلے میں علامہ ظفرعباس شمسی اور سید عباس علی کو صوبائی ڈپٹی سیکریٹری جنرل ، محمد جعفری کربلائی کو صوبائی سیکریٹری اطلاعات ، کربلائی رجب علی کوصوبائی ترجمان نامزد کردیاہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) ایم ڈبلیوایم کا سانحہ ہزار گنجی ،اوماڑ ہ اور ڈی آئی خان میں جاری ٹارگٹ کلنگ کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان ۔ملک بھر کے تمام بڑے شہروں سمیت اہم اضلاع میں جمعے کے روز بھرپور احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گئے ۔دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے ۔ان خیالات کا اظہارمرکزی ڈپٹی سیکرٹر ی جنرل ایم ڈبلیو ایم علامہ سید احمد اقبال رضوی نے میڈیا سیل سے جاری بیان میں کیا۔
انہوں نے کہ بلوچستان میں خون کی ندیاں بہانے والے بیرونی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں ۔بلوچستان کی ناامنی میں انڈیا ،اسرائیل اور امریکہ پوری طرح ملوث ہے ۔ سانحہ ہزار گنجی اور سانحہ اوماڑہ کے دہشتگرد عناصر ایک ہی ہیں ۔ جن کا مقصد پاکستان کو غیر مستحکم کرنا ہے اورہم ہرگز دشمنوں کی اس سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ کوسٹل ہائی وے پر سفاکیت کی انتہا کی گئی ہے ۔بے گناہ سیکورٹی فورسز کے جوانوں کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا ۔ہم تمام شہدا کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں ۔ ڈی آئی خان میںجاری مسلسل فرقہ وارنہ ٹارگٹ کلنگ پر حکومت کی بے حسی اور بے توجہی قابل مذمت ہے ۔ سانحہ ہزار گنجی کے خلاف دھرنے دینے والوں کو تسلیاں دے کر گھروں کو بھیج دیا گیا اب لوگ سنجیدہ اقدامات کے منتظر ہیں ۔ حکومت کو عوام کی مایوسی سے قبل اقدامات کرنا ہونگے اگر عوام مایوس ہوگئی تو ان کے لئے حکومت چلانا مشکل ہو جائے گا۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اوماڑہ سانحہ کی مذمت ۔کوسٹل ہائی وے پر بربریت اور سفاکیت کی انتہا کردی گئی بزدل دہشتگردوں نے رات کے اندھیرے میں نہتے مسافروں کے خون سے ہولی کھیلی ہے ملک دشمن دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں ۔ان خیالا ت کااظہار سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری بیان میں کیا۔
انہوں نے کہاکہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں دہشتگردوں کی سرکوبی کے لئے تمام سیاسی و عسکری قیادت کو مل بیٹھنا ہو گا اور نیشنل ایکشن پلان کا از سرنوجائزہ لینا ہو گا ۔جانبحق ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہیں۔سانحہ میں سیکورٹی فورسز کے جوانوں کی اس طرح سے شہادت نہایت تکلیف دہ ہے ۔بلوچستان میں جاری دہشتگردی میں انڈیا،اسرئیل اور امریکہ پوری طرح ملوث ہیں اوماڑہ سانحہ میں ملوث دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین لاء اینڈ جسٹس کمیٹی اورممبر پبلک اکاونٹس کمیٹی ریاض فتیانہ نے وحدت ہاؤس اسلام آباد میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید ناصرعباس شیرازی ایڈوکیٹ سے ملاقات کی،ریاض فتیانہ نے سید ناصر شیرازی کے والد کی وفات پر اظہارتعزیت اورافسوس کیا، اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان اہم قومی اورقانونی امور پر تبادلہ خیال بھی کیاگیا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) آل پاکستان سنی تحریک کے سربراہ مطلوب اعوان قادری نے وفد کے ہمراہ وحدت ہاؤس اسلام آباد میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید ناصرعباس شیرازی ایڈوکیٹ سے ملاقات کی، مطلوب اعوان قادری نے سید ناصر شیرازی کے والد کی وفات پر تعزیت پیش کی اور سانحہ ہزار گنجی سمیت سانحہ اوماڑہ پر بھی اظہارتعزیت اورافسوس کیا ،مطلوب اعوان قادری نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی ملک بھر میں بین المسالک ہم آہنگی کی کوششوں کو سراہا اور علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے انٹرا پارٹی الیکشن میں منتخب ہونے پر اسے جماعت اور پاکستان کی سیاست کے لئے مثبت اور خوش آئند قرار دیا۔
وحدت نیوز(گلگت) گلگت بلتستان کے حقوق کیلئے مجلس وحدت مسلمین اپوزیشن کے سپریم کورٹ کے سامنے دھرنے کی مکمل حمایت کرتی ہے۔سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں گلگت بلتستان کے عوام کو پورے حقوق دیئے جائیں ۔ماضی کی طرح تاخیری حربے استعمال کرکے ٹائم گین کیا گیا تو اس کے نتائج بہتر نہیں ہونگے۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری سیاسیات غلام عباس نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں گلگت بلتستان کے عوام کو فی الفور حقوق دینے چاہئیں تھیں جو کہ ابھی تک حکومت لیت ولعل سے کام لے رہی ہے۔جو کچھ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں گلگت بلتستان کے عوام کو کشمیر کے فیصلے تک بنیادی انسانی حقوق دینے کا حکم دیا ہے اس پر عمل درآمد نہ کرنے سے حکومت کی بدنیتی کھل کرسامنے آرہی ہے۔دوسری جانب گلگت بلتستان میں آئندہ کے الیکشن میں من پسند نتائج حاصل کرنے کیلئے من پسند چیف الیکشن کمشنر کو تعینات کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ،اس طرح کی من پسند تعیناتیوں سے انصاف کا گلا گھونٹا جارہا ہے جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں مکمل حقوق نہ دیئے تو اپوزیشن ن کے ساتھ ملک کر سپریم کورٹ کے باہر بھرپور طاقت کا مظاہرہ کیا جائیگا اور مجلس وحدت مسلمین اپوزیشن کے مجوزہ دھرنے کی مکمل حمایت کا اعلان کرتی ہے۔