وحدت نیوز(ایران) مجلس وحدت مسلمین کی جانب جشن ولادت باسعادت منجی بشریت امام مہدی عج کے پر مسرت موقع پر ایران کے سیلاب زدگان میں امدادی سامان کی دوسری کھیپ کی تقسیم کا مرحلہ مکمل ہوگیا،تفصیلات کے مطابق گذشتہ 5 دن سےایم ڈبلیوایم شعبہ امور خارجہ کےمرکزی سیکریٹری علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی کی قیادت میں ایم ڈبلیو ایم کی ٹیم سیلاب متاثرہ صوبوں خوزستان اور لرستان میں موجود تھی ،دونوں صوبوں کے 5 متاثرہ گاؤں میں مجموعی طور پر 100 متاثرہ گھروں کا وزٹ اور نقصانات و ضروریات کا جائزہ اور نقصانات کا تخمینہ لگایا گیا۔
ان دیہاتوں میں صوبہ لرستان سے معمولان, چم شہران, دمرود افرینہ, زرانتل اور صوبہ خوزستان سے بیت الشیتخر اور صندیہ شامل ہے.ایم ڈبلیوایم کی جانب سے 200 متاثرہ گھروں میں سے 100 گھروں میں بستر کمبل برتن, گدے, چولہے, کولر اور چٹائیاں جبکہ 100 گھروں میں راشن تقسیم کیا گیاجبکہ 4 نئے شادی شدہ سیلاب متاثرہ جوڑروں میں جہیز سے متعلق چند بنیادی اشیاء بھی تقسیم کی گئیں۔
ایم ڈبلیو ایم نے گذشتہ چند ہفتوں میں ایران کے سیلاب زدگان کے لیے دو مختلف مرحلوں میں مجموعی طور پر 253 گھروں تک 10 لاکھ روپے کی مالیت کے راشن بیگز اور گھریلو استعمال کی ضروری اشیاءتقسیم کی ہیں.ایم ڈبلیو ایم شعبہ امور خارجہ کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق امدادی ٹیم تیسرے مرحلے میں ماہ رمضان سے پہلے دوبارہ سیلاب زدہ علاقوں کا وزٹ اور امدادی سامان کی تقسیم کا تیسرا مرحلہ شروع کرے گی۔
ایران کے سیلاب متاثرہ مسلمان بھائی بہنوں نے مصیبت کی اس گھڑی میں دل کھول کر امداد دینے پر مجلس وحدت مسلمین اور ملت پاکستان کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیااور ایم ڈبلیوایم اور پاکستانی عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) شب برات کے موقع پر دعاؤں میں شہدائےپاکستان اور جن مرحومین کا کوئی نہیںانہیں اپنی دعائوں میں یاد رکھا جائے، عظیم ہیں وہ شہدا ءجنہوں نے وطن عزیز کی حفاظت کے لیے قربانیاں دیں اور جو ملک میں جاری دہشت گردی کی نذر ہوئے ، ان خیالات کا اظہارسربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری بیان میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ شب برات اللہ تعالی کی طرف سے اللہ کا انعام ہے۔یہ گناہوں کی بخشش کی رات ہے اس لیے اس رات کو عبادت خدا میں بسر کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ 15 شعبان امام زمانہ علیہ السلام کا یوم ولادت ہے امام علیہ السلام کی آمد کا انتظار مسلمانوں کے تمام مسالک کو ہے۔آپ پوری انسانیت کو اس ظلم و جور سے نجات دلائیں گے۔آپ پوری انسانیت کے لیے نجات دہندہ ہیں ۔آج کے دن ہمیں عہد کرنا ہو گا کہ اپنی زندگی کو امام علیہ السلام کے حقیقی محب کے طور پر گزاریں گے۔ شب برات کے با برکت روز مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی اورصوبائی دفاتر میں دعائیہ تقریبات کا بھی انعقاد ہوا جس میں مرکزی و صوبائی رہنماؤں نے شرکت کی اوروطن عزیزکی سا لمیت و استحکام اور امت مسلمہ کے اتحاد و اخوت کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
وحدت نیوز(رحیمیارخان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر سانحہ ہزار گنجی، سانحہ اوماڑہ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں جاری دہشتگردی کے خلاف ملک بھر کی طرح رحیم یار خان میں بھی شیعہ علماء کونسل اور مجلس وحدت مسلمین کی مشترکہ احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی نماز جمعہ کے بعد حیدری مسجد سے شروع ہوئی اور اڈہ گلبرگ پر اختتام پذیر ہوئی، ریلی میں بڑی تعداد نے شرکت کی، مشترکہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے دونوں جماعتوں کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ پاکستان میں فرقہ واریت نہیں بلکہ کچھ ایسے گروہ سرگرم ہیں، جو فرقہ واریت پھیلانا چاہتے ہیں۔
رہنمائوں نے کہا کہ سانحہ ہزار گنجی کے بعد حکومتی رویہ قابل افسوس ہے، کاش ہمارے حکمران ہزارہ برادری کو بھی تحفظ فراہم کرنے میں کامیاب ہو جاتے۔ اُنہوں نے کہا کہ گذشتہ کئی سالوں سے ہزارہ برادری عدم تحفظ کا شکار ہے، کبھی بسوں سے اُتار کر مارا جاتا ہے، کبھی سنوکر کلب کو اُڑا دیا جاتا ہے، کبھی پوری پوری بس کو جلا دیا جاتا ہے، اُنہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت ہمیں تحفظ فراہم کرنے میں بالکل ناکام ہوچکی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس حکومت سے بہت ساری توقعات وابستہ تھیں، لیکن اس حکومت نے اپنے ابتدائی ایام میں ہی عوام کی اُمیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔
وحدت نیوز (ڈی جی خان) مجلس وحدت مسلمین ضلع ڈیرہ غازیخان کے زیراہتمام ملک گیر یوم احتجاج کے موقع پر ضلع کے دو مقامات پر نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرہ اور ریلی نکالی گئی۔ نماز جمعہ کے بعد مرکزی امام بارگاہ حیدریہ دربار سخی سرور سے احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت مولانا ظفر عباس اور ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی ٹکٹ ہولڈر خادم حسین، ضلعی سیکرٹری میڈیا سیل جہانزیب حیدر نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے بینزر اور کتبے اُٹھا رکھے تھے، جن پر دہشتگردی، ٹارگٹ کلنگ اور جبری گمشدگیوں کے خلاف نعرے درج تھے۔ رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج علامہ راجہ ناصر عباس عباس جعفری کی اپیل پر شہدائے کوئٹہ ہزار گنجی، شہدائے اوماڑہ سے اظہار یکجہتی کے لیے یوم احتجاج منایا جا رہا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ سانحہ نیوزی لینڈ پر یقیناً ہر دل غمزدہ ہے، لیکن منافقت کی انتہا ہے، جب پاکستان میں اُسی طرح کا واقعہ پیش آیا تو اسے مذہبی رنگ دے کر آنکھیں بند کرلیں، نیوزی لینڈ کی وزیراعظم چاہے غیر مسلم تھی، لیکن درد دل رکھتی تھی، ہمارے حکمران چاہے وہ سابق ہوں یا موجودہ، تکفیریت کے غلام بنے ہوئے ہیں، اُنہیں اس بات کی پرواہ نہیں کہ ملک میں مسلسل ایک سازش کے تحت نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے۔ رہنمائوں نے اپنے خطاب کے دوران وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ فی الفور اُن شہداء کیلئے پیکج کا اعلان کرے اور بلوچستان میں کھلے عام فرقہ واریت کا بیج بونے والے دہشتگردوں کا قلع قمع کرے۔ دوسرا احتجاجی مظاہرہ نماز جمعہ کے بعد بستی سرور آباد ملکانی میں کیا گیا، مظاہرے کی قیادت مولانا آصف مہدی نے کی۔ مظاہرے کے شرکاء نے حکومت اور دہشتگردی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
وحدت نیوز(لیہّ) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک کے دیگر شہروں کی طرح لیہ میں بھی امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے تعاون سے سانحہ ہزار گنجی، سانحہ کوسٹل ہائی وے اور ڈیرہ اسماعیل خان میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف یوم احتجاج منایا گیا، لیہ میں نماز جمعہ کے بعد میلاد گرائونڈ سے ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت ضلعی سیکرٹری جنرل ساجد حسین گشکوری نے کی، جبکہ ریلی سے صوبائی رہنما ایم ڈبلیو ایم سید اجمل حسین شاہ اور علامہ ضیغم میرانی نے خطاب کیا۔ ریلی کے شرکاء نے پرچم اور بینرز اُٹھا رکھے تھے، جن پر ملک میں جاری دہشتگردی کے خلاف نعرے درج تھے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنے وعدوں کو پورا اور دہشتگردوں کے خلاف اپنے عزائم کو پایہ تکمیل تک پہنچائے، اس حکومت نے ظلم اور دہشتگردی ختم کرنے کے بلند و بانگ دعوے کیے تھے، مگر افسوس ابھی تک وزیراعظم عمران خان کو کوئٹہ جانے کا وقت بھی نہیں ملا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان حکومت کی جانب سے دہشتگردوں کی رہائی نیشنل ایکشن پلان کے منہ پر طمانچہ ہے، حکومت ایک طرف نیشنل ایکشن پلان کی کامیابی کے دعوے کرتی ہے تو دوسری طرف اعلانیہ دہشتگردوں کو رہا کرتی ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ دہشتگرد رمضان مینگل کی رہائی کے اگلے دن ہی کوئٹہ میں خون کی ہولی کھیلی گئی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)ایم ڈبلیو ایم کا سانحہ ہزارگنجی ،اوماڑہ اور ڈی آئی خان ٹارگٹ کلنگ کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے وفاقی دارلحکومت سمیت چاروں صوبوں گلگت بلتستان اور کشمیر کے تمام اہم شہروں میں ستر سے زیادہ مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ احتجاجی مظاہروں کا مقصد دہشتگردی سے متاثر ہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی اور دہشتگردی کے ناسور کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنا تھا گزشتہ روز سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی کال پر جمعہ کے روز ملک بھر میں ایم ڈبلیوایم کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہر ے کئے گئے۔
اسلام آباد میں ہونے والے احتجاجی مظاہر ے میں کثیر تعداد میں عوام نے شرکت کی مظاہرین نے ملک میں جاری دہشت گردوں کی کاروئیوں کے خلاف نعرے بازی کی احتجاجی مظاہر ے سے خطاب کرتے ہوئے مقریرین نے حالیہ دہشتگردی واقعات کی شدیدمذمت کی اور بڑھتی ہوئی دہشتگردی کی لہر پر تشویش کا اظہار کیا احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے رہنما ایم ڈبلیو ایم علامہ اکبر کاظمی نے کہا کہ بلوچستان کی ناامنی کے پیچھے ہندوستان ہے جس کو امریکہ اور اسرئیل کی مکمل آشیر باد حاصل ہے۔ سانحہ ہزار گنجی کے فوری بعد ہی کوسٹل ہائی وے پر دہشت گردوں کی بزدانہ کاروائی میں سیکورٹی فورسز کے جوانوں کی شہادت نے سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھا دیا ہے سانحہ ہزار گنجی کے مجرمان بھی وہی ہیں جنہوں نے کوسٹل ہائی وے پر سیکورٹی فورسز کے جوانوں کو قتل کیا ہے ان کا مقصد پاکستان کو غیر مستحکم کرنا ہے۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی رہنما ایم ڈبلیوایم کے رہنما علامہ علی سیر انصاری نے کہا کے کراچی سی ٹی ڈی میں معتصب افراد نے کراچی کے امن کو داو پر لگا دیا ہے بے گنا ہ افراد کو کارکردگی کی بھینٹ چڑھایا جارہا ہے۔اس ظالمانہ اقدامات کو جلد روکنا ہوگا ،ڈی آئی خان کے حوالے سے اب تک حکومت وقت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ہمارے صبر کے پیمانے لبریز ہو رہے ہیں۔ ہم شہدا کے خاندانوں کو کیا جواب دیں حکومت کی دلچسپی دہشگردوں کو قومی دھارے میں ایڈجسٹ کرنے پر ہے جبکہ شہیدا کے ورثا انصاف کے لئے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ حکومت اور مقتدر حلقے نیشنل ایکشن پلان پر ازسر نو غور کریں۔ بیانیہ پاکستان کی آڑ میں قاتلوں کو معافی دینے کا سلسلہ بند کیا جائے۔