وحدت نیوز (قم المقدس) مجلس وحدت مسلمین قم کے آفس سیکرٹری آغا مختار مطہری نے اپنی آفس ٹیم کے ہمراہ ایک ہنگامی نشست کی جس میں دفتری امور کے علاوہ ایران میں مقیم طلّاب کو درپیش پاسپورٹ کے مسائل اور ایم ڈبلیو ایم قم کے سیکرٹری جنرل حجۃ الاسلام والمسلمین غلام محمد فخرالدّین کی سانحہ مِنیٰ کے موقع پر گمشدگی نیز تفتان روٹ پر زائرین کو درپیش مشکلات جیسے اہم امور زیرِ بحث لائے گئے۔
اس اجلاس کے دو سیشن منعقد ہوئے۔پہلے سیشن میں آفس سیکرٹری نے اپنی آفس ٹیم کے ساتھ ایجنڈے پر بات کی اور دوسرے سیشن میں آفس ٹیم نے سیکرٹری میڈیا آغا نذر حافی اور سیکرٹری سیاسیات آغا عاشق حسین کے ساتھ خصوصی نشست کی۔دوسری نشست میں ایک کمبائن ایکشن ٹیم تشکیل دی گئی جو مذکورہ مسائل کے بارے میں اگلے چند روز میں اپنی ابتدائی رپورٹ پیش کرے گی۔
اراکینِ اجلاس نے کمپیوٹرائزڈ پاسپورٹ بنانے کے سلسلے میں تہران میں قائم پاکستان ایمبیسی کی روایتی کاہلی اور سستی پر شدید نکتہ چینی کی اور کہا کہ تہران میں قائم پاکستان ایمبیسی کبھی بھی پاکستانیوں کے مسائل کو اہمیت نہیں دیتی۔انہوں نے کہا کہ کمپیوٹرائزڈ پاسپورٹ بنانا متعلقہ ادارے کی ذمہ داری ہے لیکن اس بارے میں ایمبیسی کی طرف سے کسی قسم کی پیشرفت دیکھنے میں نہیں آرہی اور پاکستانیوں کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہاہے۔