وحدت نیوز (بلتستان ) ہم پی پی پی کے جیالوں کو حسینی جیالا دیکھنا چاہتے ہیں، ہمارا مفاد اسلام ہے، ہماری پارٹی قرآنی اصطلاح میں حزب اللہ ہے، ہمارا رہبر ولی امر المسلمین ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ گلگت بلتستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل بزرگ عالم دین علامہ آغا مظاہر حسین الموسوی نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اسکردو کے جن اراکین نے مفاد پرست ٹولے کے خلاف آواز حق بلند کی ہے وہ پہلے ہی کافی دیر کر چکے ہیں اب انہیں ذرا دیر کیے بغیر مجلس وحدت مسلمین کا انتخاب کرنا چاہیئے، جو لوگ الیکشن 2013ء میں پی پی پی کے حق میں بیانات دے رہے ہیں وہ اسلام کے بجائے پی پی کی نمائندگی کرتے رہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری اور سید مہدی شاہ نے پاک وطن کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، جو پارٹی نہ سنبھال سکتے ہوں وہ ملک اور علاقے کو کیسے سنبھال سکتے ہیں۔ آغا مظاہر موسوی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین 2014ء کے گلگت بلتستان کونسل کے انتخابات میں بھرپور کردار ادا کرے گی اور انشاءاللہ مفاد پرست ٹولے کو اسمبلی سے باہر کرے گی، ہم تمام مکاتب فکر سے دینی بنیادوں پر مضبوط اور ٹھوس تعلق قائم کریں گے، وحدت مسلمین ہمارے اہداف میں سے ہے، ہمارا ارادہ الہیٰ ہے، اللہ ہمارا مالک ہے، کل ایمان پر ہمارا ایمان ہے اور عزاداری ہماری جان ہے۔