وحدت نیوز(ٹانک) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل علامہ سید سبطین حسین الحسینی نے نوجوانوں کو حالات کے تقاضوں کے مطابق اپنے آپ کو مشن حسینی کیلئے تیار رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان ہی کسی بھی معاشرے میں تبدیلی کا موجب ثابت ہوتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع ٹانک کے دورے کے موقع پر ٹانک شہر میں نوجوانوں کیساتھ نشست کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان ہی معاشرے میں انقلابی تبدیلیاں لاسکتے ہیں، اور نوجوان ہی کسی بھی معاشرے کی تباہی کا باعث بن سکتے ہیں۔ لہذا ملت تشیع پاکستان کے نوجوانوں کی ذمہ داریوں میں ملک کے مخصوص حالات کی وجہ سے اضافہ ہوگیا ہے۔ ہمیں بیدار رہنا ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں حقیقی طور پر حسینی نوجوان کا کردار ادا کرتے ہوئے ملک میں تبدیلی لانا ہوگی۔ علاوہ ازیں علامہ سبطین الحسینی نے شہدائے ٹانک کی قبور پر بھی حاضری دی، اس موقع پر صوبائی مسئول ارشاد حسین بنگش، ضلع ٹانک کے سیکرٹری جنرل سید عبدالحسنین اور دیگر ان کے ہمراہ تھے۔ وفد نے ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی دفتر کا بھی دورہ کیا۔ صوبائی سربراہ مجلس وحدت مسلمین نے ٹانک کے علاقہ گرہ بلوچ میں یوم ولادت بی بی فاطمتہ الزہرا (س) کی مناسبت سے خطاب کیا۔ اور فضائل بی بی فاطمتہ الزہرا پر تفصیلی روشنی ڈالی۔