وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کی جانب سے صوبہ میں شجرکاری مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ایم ڈبلیوایم کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ سید سبطین الحسینی نے پودا لگا کر موسم بہار کی آمد کے موقع پر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا، ان کا کہنا تھا کہ ہمارا وطن عزیز اس وقت مختلف مسائل میں گھرا ہوا ہے، دہشتگردی، معاشی مشکلات اور سماجی مسائل کے علاوہ ماحولیاتی آلودگی بھی کسی مصیبت سے کم نہیں۔ دنیا بھر سمیت پاکستان میں آئے روز جنگلات محدود ہوتے جارہے ہیں اور شہری و دیہی علاقوں میں درختوں کی تعداد روز بروز کم ہوتی جارہی ہے۔ ایسے میں ہر پاکستانی شہری کا فرض بنتا ہے کہ وطن عزیز کو ہرا بھرا کرنے اور ماحولیاتی آلودگی سے بچانے کیلئے زیادہ سے زیادہ پودے لگائے۔ یوم پاکستان کی مناسبت سے انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے۔ قوم کو متحد ہوکر ان تمام چیلنجز کا مقابل کرنا ہوگا۔ علامہ سبطین الحسینی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو اس وقت سب سے بڑا مسئلہ دہشتگردی کی صورت میں درپیش ہے۔ ملک کے ارباب اختیار اس مسئلہ سے ملک کو نجات دلانے کیلئے سنجیدہ اور فوری اقدامات کرنے چاہیئں۔