وحدت نیوز (ٹیکسلا) مجلس وحدت مسلمین خیبرپختونخواکے صوبائی سیکریٹری جنرل اور القائم ٹرسٹ ٹیکسلا کے سربراہ علامہ سبطین حسینی نے کہا ہے کہ زمانے کی جدت اور نت نئے وسائل سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانا اور پیروان علی علیہ السلام کے اداروں کا تحفظ جدید انداز کے ساتھ قابل تحسین ہے۔ شیعہ سیفٹی کی جانب سے القائم ٹرسٹ ٹیکسلا میں سیکیورٹی سسٹم کا قیام خوش آئندہے، ایسے اقدامات کو مل بھر میں جاری رکھا جائے۔ ملک میں بڑھتی ہو ئی دہشت گردی کے خلاف عملی اقدامات میں پیش پیش غیر سرکاری تنظیم شیعہ سیفٹی کے شکر گزار ہیں، تفصیلات کے مطابق آسٹریلیامیں پاکستانی نژاد نوجوان سیرت عباس کی قائم کردہ تنظیم شیعہ سیفٹی اس وقت پاکستان بھر میں عبادت گاہوں اور دہشت گردی کے خطرات سے دوچار مراکز کو سیکیورٹی آلات فراہم کر رہی ہے۔ مذکورہ تنظیم نے حال ہی ضلع ہنگو، صوبائی صدر مقام پشاور میں سیکیورٹی سسٹم قائم کیا گیا اور اب القائم کمپلیکس ٹیکسلا میں سیکیورٹی سسٹم کی تنصیب کا کام جاری ہے۔ اہلیان علاقہ نے اس اقدام کو سراہااور شہریوں کی حفاظت اور نگہداری کے اس اقدام کو جاری رکھنے پر زور دیا ۔ ٹیکسلا میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی سسٹم کی تنصیب کے لئے ایک تقریب کا اہتمام کیا جائے گا جس میں میڈیا اہلکاروں کو بھی مدعو کرکے دہشت گردی کے لاحق خطرے سے نمٹنے کے لئے سیکیورٹی ایکشن پلان کا اعلان بھی کیا جائیگا۔