وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا نے 30 مئی کو ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں 200 سے زائد امیدوار میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے، ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکرٹری سیاسیات تنویر مہدی نے وحدت ہاوس پشاور سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ پشاور، ایبٹ آباد، ہری پور، کوہاٹ، ہنگو، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور دیگر اضلاع سے مجلس وحدت مسلمین نے بھرپور انداز میں بلدیاتی الیکشن مین وارد ہونے کا فیصلہ کیا ہے، ہمارے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے ہیں، اور متعدد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور بھی ہوگئے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ہم مسلک اور مذہب کی تفریق کے بغیر اہلیت اور قابلیت کی بنیاد پر الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں، عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں، اور اسی بنیاد پر بلدیاتی الیکشن میں بھرپور انداز میں شریک ہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنا خوش آئند ہے، تاہم الیکشن کی شفافیت ہی اس کی بنیاد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم کے امیدوار جلد باقاعدہ طور پر اپنی انتخابی مہم شروع کردیں گے، اور انشا اللہ 30 مئی کو بھرپور طریقہ سے کامیابی حاصل کرکے عوام کی خدمت کریں گے۔