وحدت نیوز(لاہور) ممتاز عالم دین ،خطیب اہل بیت وبانی رہنما مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سید حسن ظفر نقوی نے دورہ لاہور کے موقع پر ایم ڈبلیو ایم پنجاب سیکرٹریٹ کا دورہ کیا۔
اس موقع پر رہنماوں کیساتھ ہونیوالی ملاقات میں صوبائی صدر ایم ڈبلیو ایم پنجاب علامہ علی اکبر کاظمی، مولانا ظہیر کربلائی، سابق چیئرمین امامیہ آرگنائزیشن سید حسنین جعفر زیدی، وحدت یوتھ لاہور ڈویژن کے جنرل سیکرٹری رانا کاظم علی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ کراچی میں دھرنے کے دوران استقامت کا بھرپور مظاہرہ کرنے پر رہنماوں نے علامہ حسن ظفر نقوی کو خراج تحسین پیش کیا۔
علامہ سید علی اکبر کاظمی کا کہنا تھا کہ حق کیلئے جان کی پرواہ بھی نہ کرنا درس کربلا ہے، اس پر علامہ حسن ظفر نقوی سمیت کراچی کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ علامہ حسن ظفر نقوی نے اہلیان لاہور کی جانب سے مظلومین پارا چنار کیلئے کامیاب دھرنے پر انہیں بھی خراج تحسین پیش کیا۔
علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ ہم ہر مظلوم کے حامی ہیں، خواہ وہ کافر ہی کیوں نہ ہو اور ہم ہر ظالم کیخلاف ہیں، خواہ وہ شیعہ ہی کیوں نہ ہو۔ انہوں ںے کہا کہ پارا چنار کے مظلوموں پر مظالم کم نہیں ہوئے، حکومت کی جانبداری اور دہشتگرد نوازی کھل کر سامنے آ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیرت ہے حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے مٹھی بھر دہشتگرد کنٹرول نہیں ہو رہے۔