حضرت امام جعفر صادق علیہ الصلوۃ والسلام کی حیات طیبہ عالم بشریت کے لیے مشعل راہ ہے،علامہ مقصود ڈومکی

14 April 2025

وحدت نیوز(جیکب آباد)بسلسلہ یوم شہادت حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام درگاہ سید رستم شاہ بخاری پر سالانہ مجلس عزاء منعقد ہوئی۔ مجلس عزاء سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی اور مجلس علمائے مکتب اہل بیت کے ضلعی صدر علامہ سیف علی ڈومکی نے خطاب کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ حضرت امام جعفر صادق علیہ الصلوۃ والسلام کی حیات طیبہ عالم بشریت کے لیے مشعل راہ ہے۔ آل رسول ﷺ نے دین اسلام کی بقا کے لیے بے مثال قربانیاں پیش کیں اور امام جعفر صادق علیہ السلام وقت کے حاکم عباسی خلیفہ منصور کے حکم سے قتل کیے گئے۔ آپ کی مظلومانہ شہادت آل رسول ﷺ کی خدا کے دین کی بقا کے لئے دی جانے والی قربانیوں کا تسلسل ہے۔

انہوں نے کہا کہ امام جعفر صادق علیہ السلام اپنے وقت کے سب سے بڑے عالم زاہد عابد ولی خدا تھے آپ کے حلقہ درس میں ممتاز شاگرد ہشام بن الحکم – جو فلسفہ اور علم کلام کے ماہر تھے۔  جابر بن حیان – جو علم کیمیا کے بانی ہیں۔ جناب زرارہ بن اعین – جو فقہ و حدیث کے ماہر تھے۔ جناب محمد بن مسلم – مؤمن الطاق - ابان بن تغلب – جو تفسیر اور حدیث کے ماہر تھے۔ آپ کے مدرسہ میں ایسے مایہ ناز شاگردوں نے تربیت پائی جو عالم اسلام اور عالم انسانیت کے لئے قیمتی اثاثہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امام جعفر صادق علیہ السلام نے مدینہ منورہ میں ایک عظیم علمی مرکز قائم کیا جہاں ہزاروں شاگردوں نے مختلف علوم میں تعلیم حاصل کی۔ آپ ع نے اسلامی فقہ کو مضبوط اور منظم شکل دی جسے "فقہ جعفریہ" کہا جاتا ہے۔ صادق آل محمد ﷺ نے مختلف مذاہب و مکاتب فکر کے علما سے علمی مناظرے کیے، خصوصاً دہریوں، اور مادہ پرستوں سے۔ آپ علیہ السلام نے علمِ توحید علم کیمیا، فلکیات، طب، ریاضیات اور دیگر سائنسی علوم پر بھی روشنی ڈالی۔اس موقع پر درگاہ کے سجادہ نشین اور مجلس وحدت مسلمین کے رہنما سید جہان علی شاہ اور تعلقہ صدر ایم ڈبلیو ایم سید عابد حسین شاہ مگسی اور چوھان برادری نے درگاہ سید رستم شاہ بخاری پر چادر چڑھا کر عرس مبارک کا افتتاح کیا۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree