وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس x پر جاری اپنے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ اربعین حسینی پر کربلا معلی عراق جانے والے پاکستانی زائرین کی بس کو ایران کے شہر یزد میں حادثہ اور تیس سے زائد زائرین کی شہادت ایک المناک سانحہ ہے جس پر انتہائی افسوس ہے۔دکھ کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑا ہوں۔ایران میں تعینات پاکستانی سفیر کو شہدا ٗ اور زخمیوں سے متعلق بلا تاخیر ضروری اقدامات کرنے ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لواحقین کو درپیش معلومات کے حوالے سے پاکستانی سفارت خانہ کو خصوصی ڈیسک اور دیگر سروسز کا فوری اعلان کرنا چاہئے۔ میری ایران کی حکومت سے بھی اپیل ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والوں کے علاج معالجے کے لیے غیر معمولی اقدامات کیے جائیں۔ زخمیوں کی صحت و سلامتی ، شہدا کے درجات کی بلندی اور سوگواران کے صبر کےلیے دعاگو ہوں۔