وحدت نیوز(اصفہان) مجلس وحدت مسلمین شعبہ اصفہان کے زیر اہتمام طلاب کے لیے ایک روحانی و تفریحی دورہ کا انعقاد کیا گیا، جس میں شرکاء نے امام زادہ سید محمد (فرزند سید زید شہید) کے روضہ مبارک اور شہید محسن حججی کے مرقد پر حاضری دی۔
دورے کے آغاز میں شرکاء نے خمینی شہر میں واقع امام زادہ سید محمد کے روضہ مبارک کی زیارت کی، جس کے بعد شہید جاویدان محسن حججی کے نورانی مرقد پر فاتحہ خوانی کی گئی۔
تقریب کے دوران برادر غلام علی بلتستانی نے شہداء کی عظمت پر ایک ترانہ پیش کیا، جبکہ سید اسرار عباس نقوی اور برادر نبیل حسین نے شہداء کے مقام اور ان کی قربانیوں پر روشنی ڈالی۔
مقررین نے اپنے بیانات میں کہا کہ شہداء کی وجہ سے ہی آج ہم محفوظ ہیں اور انہوں نے وحدت اسلامی کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ صہیونی اور استکباری قوتیں نہ صرف اسلام بلکہ پوری انسانیت کے دشمن ہیں، جو مسلمانوں میں اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
اس موقع پر حجت الاسلام والمسلمین عسکری نے بھی طلاب سے ملاقات کی اور انہیں وعظ و نصیحت فرمائی۔ آخر میں شرکاء نے ایک پارک میں دوپہر کے کھانے سے لطف اندوز ہونے کے بعد تفریحی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور ہاسٹل واپس آگئے۔ یہ دورہ طلاب کے لیے روحانی تربیت اور تفریح کا ایک بہترین موقع ثابت ہوا۔