وحدت نیوز(سکردو)مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد علی نوری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس وقت دنیا سمیت وطن عزیز پاکستان اور گلگت بلتستان کے عوام کرونا جیسی موذی بیماری کے خلاف حالت جنگ میں ہے۔اس چیلنج سے نمٹنے کے لئے عوام،اداروں اور ذمہ داروں کو تمام تر اختلاف اور ذاتی پسند ناپسند چھوڑ کر انسانی بنیادوں پر اس کی تدارک کے لئے جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے اور یہ وقت سیاسی پوائنٹ اسکورنگ اور علاقائیت کو ہوا دینے کا نہیں بلکہ متحد اور پرعزم ہو کر آگے بڑھنے کا ہے لیکن نہایت افسوس کا مقام ہے کہ گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت پرانی ڈگر پر چل رہی ہے اور بلتستان ریجن کو محروم رکھنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت گلگت بلتستان میں سب سے زیادہ کرونا کے کیسز بلتستان سے ہیں لیکن ہمسایہ دوست ملک چین سے ملنے والی امداد میں بھی نا انصافی کی گئی۔صوبائی حکومت کو یہ روش ترک کرنی ہوگی۔ امدادی سامان انسانی،اخلاقی اور ضرورت کی بنیاد پر تقسیم ہونے کی بجائے جو ناانصافی ہوئی ہے اس کا فوری ازالہ ہونا چائیے، اس عمل کی وجہ سے بلتستان ریجن کے عوام میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

شیخ احمد علی نوری نے مزید کہا کہ پورے بلتستان ریجن میں کرونا ٹیسٹینگ لیبارٹری کا نہ ہونا صوبائی حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ ہم صوبائی حکومت اور ریاستی اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اولین فرصت میں ڈی ایچ کیو ہسپتال سکردو میں لیب قائم کیا جائے تاکہ موجودہ ہنگامی صورتحال میں مریضوں کی تشخیص اور علاج ممکن ہو۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے ذیلی ادارے المجلس ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا وائرس کے بعدغیر معمولی حالات سے نمٹنے کے لیے اپنی کوششیں تیز کر دی ہیں۔اس سلسلے میں فصیح عباس کو اے ڈی ایم سی اسلام آباد کے چیئرمین کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

ایم ڈبلیو ایم اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل انجینئر ظہیر عباس نقوی نے کہا ہے کہ کرونا سے نمٹنے کے لیے حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔مشکل کی اس گھڑی میں مخیر حضرات پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں ضرورت مند افراد کی ہر ممکن مدد کریں۔مجلس وحدت مسلمین اسلام آباد نے نادار افراد تک مہینے بھر کا راشن پہنچانے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

المجلس ڈیزاسٹر مینیجمنٹ سیل نے اپنے پہلے مرحلے کو مکمل کر کے متعین اہداف حاصل کر لیے ہیں۔جبکہ اگلے اہداف کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہیں۔ جس کے تحت مخیر حضرات اور دیگر آرگنائزیشنز و ورکنگ گروپس کے اشتراک سے عوام کے گھروں میں راشن کی تقسیم ، گنجان آباد علاقوں میں سپرے مہم اور ممکنہ بگڑتی صورت حال کے دوران ہنگامی حکمت عملی جیسے مسائل کو ضلعی انتظامیہ سے ہر ممکن تعاون کر کے حل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔ادارے کی فعالیت کے امور کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے گا۔

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے یوم پاکستان کی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن پاکستان کو فوجی ،اقتصادی ،بیماری اور بیوروکریسی کی خرابی سمیت ہر طرح کے حملے سے بچانے کے لئے عزم کرنے کا دن ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ہر مرض سے بچانا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے ۔ حالیہ کرونا وائرس کی وباء عارضی ہے ۔ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے محاذ جنگ پر جس انداز میں سرحدوں کا دفاع کیا جاتا ہے ،اسی انداز میں جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے ۔

 علامہ باقر عباس زیدی نے عوام کو حکومت کی پالیسی پر عمل کرنے کی تاکید کی اور کہا کہ اس سے بچاءو کا اہم طریقہ احتیاط اور اجتماعات سے پرہیز کرنا ہے ۔

 انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس سب کو لگنے والا مرض ہے ،اس لئے عمرہ سے آنے والوں یا زائرین پر یا ایک قوم کے افراد کسی دوسری قوم کے افراد پر الزام تراشی نہ کرے ،بلکہ سب اس وبائی مرض سے بچنے کے لئے کوششیں انجام دیں ۔

 انہوں نے کہا کہ اس وبائی مرض سے حفاظت اور خاتمہ کے لئے ہر فرد خدا سے ارتباط قائم کرے اور اللہ سے دعا کرے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ انشاء اللہ پاکستان دوسرے بحرانوں کی طرح اس وبائی بیماری سے بھی نکل آئے گا اور ہمیشہ قائم و دائم رہے گا ۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کے دن وطن کی خوشحالی ،ترقی اور تحفظ کے لیے تجدید عہد کرنا ہو گا۔قیام پاکستان سے لے کر اب تک پوری قوم نے حکومت اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ مختلف چیلنجز کا مقابلہ کرکے یہ ثابت کیا کہ مشکل کی ہر گھڑی میں پوری پاکستانی قوم ایک جسم کی مانند ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس عزم و حوصلے کے ساتھ دہشت گردی جیسے عفریت اور ملک کو درپیش مختلف چیلنجز کے خلاف پاکستانی قوم نے مثالی کامیابیاں حاصل کیں ہیں آزمائش کی موجودہ گھڑی میں اسے جذبے کو دہرانے کی ضرورت ہے۔آج کا دن ملک و قوم کی سالمیت اور بقا کے لیے انفرادی کردار کا تقاضہ کرتا ہے ۔کرونا وائرس کی وبا نے صحت عامہ کے حوالے سے پوری دنیا کو سنگین خطرات سے دوچار کر رکھا ہے۔یورپ اور چین جیسے ترقی یافتہ ممالک بھی اس کے حملوںسے محفوظ نہیں۔ وطن عزیز کے شہریوں کو اس وبا سے محفوظ رکھنے کے لیے ہر شخص کوسنجیدہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ مضبوط معیشت ،باوقار طرز زندگی اور صحت مند پاکستان ہماری منزل ہے جس کے حصول کے لیے مزید محنت درکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن پوری قوم وطن عزیز کو کرونا وائرس سے پاک کیے بغیر سکون سے نہ بیٹھنے کا تہیہ کر لے تو اس وبا سے چھٹکارا زیادہ مشکل نہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر شخص پُرعزم اور پُرخلوص انداز سے اپنی اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے اپنے حصے کاکردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان جہان وطن عزیز کی ترقی، خوشحالی اور نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں نچھاور کرنے کا تقاضہ کرتا ہے وہاںاس ملک کو مختلف چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے گلگت سے کراچی تک ایک قوم بننے کا پیغام بھی دے رہا ہے۔

وحدت نیوز(کراچی) تذکرہ المعصومین ٹرسٹ کے تحت جامع مسجد و امام بارگاہ حیدری اورنگی ٹاؤن نمبر 10 کراچی میں منعقدہ دعائیہ اجتماع سے خطاب کے دوران مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل علامہ صادق جعفری نے کہا کہ کورونا ایک قومی مسئلہ ہے جس کا ہم سب متحد اور یکجا ہوکر مقابلہ کریں گے، اس سلسلے میں کسی کو مورد الزام ٹھرانا کسی طرح درست نہیں، اسی طرح کسی خاص، گروہ، مسلک اور ملک کو اس کے پھیلاؤ کا ذمہ دار ٹھہرانا حکومت کیلئے خطرناک ثابت ہوگا۔

 لہٰذا حکومت اور ریاستی اداروں کو یہاں بسنے والے تمام طبقات کو یکساں نگاہ سے دیکھنا ہوگا اور تمام تر وسائل کو بروائے کار لاتے ہوئے بلاتفریق رنگ و نسل عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنانا ہوگا، کیونکہ اس ملک کی تعمیر و ترقی اور استحکام میں سب کا برابر کا حصہ ہے۔ اس موقع پر نوید قمر زیدی، افسر علی رضوی، شاہد حسین زیدی، باقر علی نقوی اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور ملک میں بسنے والے افراد سے کہا کہ وہ اس مسئلے پر متحد اور متفق رہیں، بعد ازاں اس مرض سے بچاؤ کیلئے خصوصی دعا اور توبہ استغفار کی گئی۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی پولیٹیکل سیکریٹری اور فوکل پرسن برائے بین المذاہب ہم آہنگی حکومت پنجاب سید اسدعباس نقوی کی صوبائی وزیر قانون پنجاب محمد بشارت راجہ سے ملاقات۔

اسدعباس نقوی نے صوبائی وزیر قانون کو ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں قائم قرنطینہ مراکز میں زائرین کودرپیش مشکلات ، انتظامیہ کی جانب سے ناروا رویے سے آگاہ کیا اور ان سہولیات کی فوری بہتری کا مطالبہ کیا، اسدعباس نقوی نے کہاکہ ایم ڈبلیوایم کے رضاکاروں کو ملتان اور ڈیرہ غازی خان کے قرنطینہ مراکز میں خدمات فراہم کی اجازت دی جائے ۔

صوبائی وزیر قانون نے اسدعباس نقوی سے کہاکہ کرونا وائرس کے خطرے کےپیش نظر ہم رضا کاروں کی خدمات فی الحال نہیں لے سکتے ،متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ حفاظتی کٹس پہنے ہوئے انکی خدمت میں مصروف ہے ۔انتظامیہ کے غیر مناسب رویے کی شکایت پر انہوں نے کہا کہ ابھی تھوڑی دیر بعد میری وڈیو کانفرنس پر میٹنگ ہے میں انتظامیہ کودوبارہ یہ ہدایت کروں گا کہ وہ رویہ کا خصوصی خیال رکھیں ۔ صوبائی وزیر قانون پنجاب محمد بشارت راجہ نےاسدعباس نقوی کو تمام مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔

Page 16 of 1134

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree