وحدت نیوز(لاہور) وجود زن اللہ کی نعمتوں میں سے ایک عظیم نعمت ہے، اللہ نے عورت کو بے پناہ صلاحتیں دے کر کائنات میں خلق کیا۔ 8 مارچ کو عالمی یوم خواتین منایا جاتا ہے، مگر پاکستان میں اس دن کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہارمجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین مرکزی سیکریٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے ’’عالمی یوم خواتین‘‘ کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ پروردگارعالم نے خاتون کو ایک مقام دے کر کائنات میں بھیجا اور پاکستان میں گزشتہ برس جو کیا گیا وہ تشویشناک تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے آئیڈل امہات المومنین ہیں، ہمارے لئے آئیڈل حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا ہیں۔
زہرا نقوی کا کہنا تھا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا ہر میدان میں نمایاں ہیں، وہ بہترین بیٹی، عظیم بیوی، شاندار ماں کے رتبے پر فائز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عورت مارچ کے نام پر سڑکوں پر نکلنے والی عورتوں نے عجیب و غریب نعرے لگائے، مگر وہ یاد رکھیں اس سرزمین کو فاطمہ جناح نے آزاد کروایا، ہم کبھی بھی مغربی پروپیگنڈے کا شکار نہیں ہوں گی۔ ہم ہر میدان میں ہراول دستہ ہیں، سیاست ہو یا مذہب، تدریس ہو یا درس، پاک سرزمین کی مائیں، بیٹیاں سب سے آگے ہیں۔
سیدہ زہر نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستانی خواتین اپنی عفت و حیا کا خیال رکھتے ہوئے آگے بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس پروپیگنڈے کو ناکام بنا دیں گے جس میں خواتین کی تذلیل کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مغربی پروپیگنڈے کا شکار نہیں ہوں گے۔
وحدت نیوز(اسلا م آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے 13 رجب المرجب جشن ولادت باسعادت مولائے متقیان حضرت امام علی علیہ السلام کے پُرمسرت موقع پر عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وصی پیغمبر، جانشین رسول کریم (ص) حضرت علی علیہ اسلام کی حکمت و تدبر ہر دور کے رہنما اصول ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کے باہمی تنازعات کا واحد حل فکر علوی میں مضمر ہے جسے اپنا کر منتشر مسلمان جسد واحد کی حیثیت اختیار کر سکتے ہیں، اقوام عالم میں باوقار مقام حاصل کرنے کے لئے جرات حیدر کرار (ع) کو شعار بنانا ہوگا، اہل بیت اطہار علیہم السلام کی ذوات مقدسہ دنیا و آخرت میں سرخروی کی ضمانت ہیں، اللہ رب العزت نے امت محمدی سے جس اجر رسالت کا تقاضہ کیا ہے وہ مودت فی القربی ہے، اہل بیت علیہم السلام کی خوشیوں میں خوش اور ایام غم میں غمگین ہونا ہی محب ہونے کی دلیل ہے۔
انہوں نے کہا اسلام دشمن طاقتوں نے امت مسلمہ سے محاذ آرائی کا انداز بدل لیا ہے، دور عصر میں افرادی قوت کو نقصان پہنچانے کی بجائے اسلام کی بنیادی تعلیمات اور عقیدوں پر حملے کئے جا رہے ہیں تاکہ مسلمانوں سے ان کا مضبوط ہتھیار ”ایمان“چھینا جا سکے، ثقافتی یلغار کے ہتھیار سے لادینیت کو فروغ دیا جا رہا ہے، خواتین کو تعلیم یافتہ اور باشعور بنانے کی بجائے باغی بننے کی ترغیب دی جا رہی ہے، اسلامی معاشرے میں ایسے کسی نظام کی قطعاََ گنجائش نہیں، یہود و نصاری کی ان سازشوں کا مقابلہ کرنے اور اسلام کے حقیقی نفاذ کے لئے امام علی علیہ السلام کے کردار کو مشعل راہ بنانا ہوگا۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ 13 رجب کے پرمسرت موقعہ پر مجلس وحدت مسلمین کے تمام صوبائی و ضلعی دفاتر اور مرکزی سیکرٹریٹ میں چراغاں وتقریبات کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔
شیعت نیوز: شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی ؒ کی دختر ، مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے اپنے بابا کی 25ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ شھید ڈاکٹر محمد علی نقویؒ وہ عظیم شخصیت ہیں جو قوم کا درد دل میں سموئےہوئے تھے، جنھوں نے جوانوں کو ایک مرکز و محور دیا ، انھیں دین سے قریب لانے اور معاشرے کا مہذب اور فعال رکن بنانے کے لیے بےشمار جدوجہد کیں ان کے افکار کو زندہ رکھنا ہم سب کا فرض ہے ۔
سیدہ زہرانقوی نے مزید کہاکہ اس عظیم شہیدنے اپنی متحرک اور با مقصد زندگی میں وہ اساسی کام سر انجام دیے ہیں کہ جن کے مثبت نتائج آج تک دیکھائی دیتے ہیں، میں فخر کرتی ہوں کہ میں اس عظیم باپ کی بیٹی ہوں جنھوں نے پاکستان میں ملت تشیع کی نظریاتی اور فکری بنیادوں کو مضبوط کیا اور اسے نکھارا ۔ ان شاء اللہ ہم شھید کے حسینی مشن کو تا دم مرگ جاری و ساری رکھیں گے.
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا ہے کہ طاغوتی طاقتیں ہمیشہ ان شخصیات سے خائف رہی ہیں جودوسروں کو فکری طور پر بیدارکرنے اور فکر و شعور کی بلندی تک لے جانے کاہنر جانتی تھیں۔ہماری قوم نے ایسے عظیم رہنما پیدا کیے جن پر ہم جتنا بھی ناز کریں کم ہے۔ڈاکٹر محمد علی نقوی کا شمار انہی شخصیات میں ہوتا تھا۔
قائد وحدت علامہ ناصر عباس جعفری نے امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے بانی ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید کی 25ویں برسی کے موقع پر اپنے تعزیتی بیان میں کہا ڈاکٹر محمدعلی نقوی قوم کا حقیقی درد رکھنے والے ایک مخلص رہنما تھے جنہوں نے ساری زندگی اپنی قوم کی بے لوث خدمت کی۔ان کے افکار اور جدوجہد ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالم استکبار و استعمار کے اسلام دشمن طرز عمل کے خلاف آپ نے ہمیشہ اپنی آواز بلند رکھی۔ وہ نظریات کے عملی اظہار کے لیے میدان عمل میں رہنے کو ترجیح دیتے۔آپ نے اپنے اقوال کو اپنے عمل سے ہمیشہ سچ کر کے دکھایا۔انہوں نے کہا کہ دور عصر میں ہمیں شہید نقوی کے نظریات، تحرک اور بصیرت سے رہنمائی لے کر باطل قوتوں کا مقابلہ کرنا ہو گا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری روابط محترمہ سیمی نقوی نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر جاری بیان میں کہا کہ اسلامی تہذیب و تعلیمات کے علاوہ تمام تہذیبوں بالخصوص مغربی تہذیب جو آج عورت کی آزادی اور حقوق کا سہرا اپنے سر باندھنا چاہتا ہے اس معاشرے نے ہمیشہ عورت کے حقوق سبوتاژ کیئے ہیںاور اس کو ذلت و رسوائی کے دھانے پر لاکھڑا کیا ہے۔
محترمہ سیمی نقوی نےمزیدکہاکہ پاکستان میں عورت کی آزادی کے نام پر بیہودہ نعرے لگانے والی خواتین اگر دین اسلام کا مطالعہ کریں تو انھیں معلوم ہوگا کہ خدا نے عورت کو ماں ، بیٹی ، بیوی ، اور بہن کے کردار میں کتنا بلند رتبہ عطا کیا اور اسکے حقوق اور تحفظ کا حکم دیاہے۔
وحدت نیوز(ٹنڈومحمد خان) مجلس وحدت مسلمین ضلع ٹنڈو محمد خان کی جانب سے بھارت میں مسلمانوں کے قتل عام اور وحشیانہ ظلم و بربریت کے خلاف آج بروز جمعہ جامع مسجد علیؑ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرہ ضلعی سیکریٹری جنرل محب علی بھٹو، محمود الحسن، سجاد علی ڈومکی اور دیگر ضلعی رہنمائوں کے سربراہی میں کیا گیا۔
مظاہرے سے خطاب کرتے محمودالحسن کا کہنا تھا کہ بھارت میں مسلمانوں پر حالیہ ظلم و جبر نے بھارت کا سیکیولر ریاست ہونے کا پردہ چاک کر دیا ہے اور اب وہ ایک مذہبی انتہا پسند ریاست میں تبدیل ہو چکا ہے۔ مقرر ین کا مزید کہنا تھا کہ گائے کے گوشت کے نام پر یہ فتنہ کھڑا کیا گیا ہے۔ دن دھاڑے مسلمانوں کو قتل کیا جا رہا ہے، اسکول کے بچوں کو مارا جا رہا ہے، مسلمان بیٹیوں کی عصمت دری کی جا رہی ہے۔ یہ سب ظلم و استبداد مودی سرکار نی سرپرستی میں کیا جا رہا ہے۔ بھارت نے جو مذہبی انتہا پسندی کا راستہ اختیار کیا ہے وہ خود بھی اس میں جل کر خاکستر ہو سکتا ہے
۔ محمودالحسن کا مزید کہنا تھا کہ ٹرمپ کا بھارت کا دورہ مسلمانوں کے لیے ظلم و ستم کا عندیا تھا۔ٹرمپ اسرائیلی مفادات کے لیے تگ و دو کر رہا ہے۔ مگر وہ رسوا ہو کر رہے گا۔ مظاہرین نے اقوام عالم اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ مسلمانوں کے قتل و غارت گری پر خاموشی کو ختم کیا جائے اور انڈیا کو پابند کیا جائے اور ظلم کا راستہ بند کیا جائے۔ مظاہرین نے بھارت اور مودی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔