وحدت نیوز (اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یوم یکجہتی کشمیر جہاں اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا دن ہے وہاں دنیا بھر کی نام نہاد انسانی حقوق کی تنظیموں کی بے بسی اور ناکامی کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اس وقت امریکہ کی لونڈی کا کردار ادا کر رہی ہے اور اقوام عالم کا ان سے اعتماد اٹھ گیا ہے ۔ اقوام متحدہ تمام ممالک اور تمام مذاہب کی نمائندہ جماعت نہیں بلکہ کلیسائی اور کنیسائی سازشوں کی تجربہ گاہ بنی ہے یہی وجہ ہے چھ عشرہ سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود اقوام متحدہ سے نہ فلسطین کا مسئلہ حل ہوا اور نہ کشمیر کا جبکہ اسی اقوام متحدہ کے ذریعے مشرق تیمور میں ریاست راتوں رات بنتی ہے۔انہوں نے کہا کہ چھ عشرہ سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود کشمیری مظلوم عوام کو حق خود ارادیت نہ دینا اقوام متحدہ کی بدترین ناکامی ہے۔ دنیا بھر کی انسانی حقوق کی تنظیمیں اس وقت صرف مگر مچھ کی آنسو بہانے اور عالم انسانیت کو دھوکہ دینے پر اکتفا کر رہی ہے اور انسانی حقوق کی تنظیموں کا کام میڈیا میں کپین چلانا اور حقوق سے محروم اقوام کے نام پر اپنی جیبیں بھرنا ہو گیا ہے اگر عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں اپنا صحیح کردار ادا کرتی تو نہ فلسطین کا مسئلہ پیش آتا اور کشمیر مقبوضہ رہتا ۔انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کو اپنی عظمت رفتہ کی حصول اور کشمیر و فلسطین کی بازیابی کے لیے متحد ہونے کی ضرورت ہے مغربی تنظمیوں اور اقوام متحدہ کی بیساکھی چھوڑ کر قوت ایمانی سے آگے بڑھیں توعالم اسلام کا کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا۔