وحدت نیوز (شگر) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان کے حلقہ نمبر 6 کے امیدوار فدا علی شگری کی انتخابی مہم زور و شور سے جاری ہے، انتخابی مہم کے سلسلے میں جہاں جلسہ، جلوس، ریلیوں کا سلسلہ جاری ہے، وہیں ایک بات کہ جس نے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا وہ یہ ہے کہ پروفیسر فدا علی شگری کی انتخابی مہم میں اہل حدیث خواتین بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں۔ اسلام ٹائمز کے نمائندہ نے جب ان خواتین سے استفسار کیا کہ وہ کس مقصد کے تحت پروفیسر فدا علی شگری کی انتخابی مہم چلا رہی ہیں تو ان میں سے ایک خاتون کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین نے اپنے نام کی طرح اتحاد و وحدت کو پورے شگر میں پروان چڑھایا ہے، اس حلقہ میں راجہ اعظم خان اور عمران ندیم کے مقابلے میں انتخابات میں حصہ لینا بھی ایک انقلاب سے کم نہیں کیونکہ شگر میں راجہ اعظم خان اور عمران ندیم کے مقابلے میں انتخابات میں اپنا امیدوار کھڑا کرنا بھی بہت بڑا اقدام تھا جس کا ان انتخابات سے پہلے تصور بھی محال تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے پروفیسر فدا علی شگری کی صورت میں ایک قابل، ایماندار اور دیندار شخص کو ہمارے نمائندہ کے طور پر متعارف کروایا ہے اور پسے ہوئے مظلوم طبقے کو ایک حوصلہ فراہم کیا ہے لہٰذا ایسے لائق شخص کی انتخابی کیمپین چلانے کو ہم اپنا فریضہ سمجھتے ہیں۔