وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں حکومتی ظالمانہ ٹیکس کے نفاذ کے خلاف کامیاب ہڑتال نے صوبائی حکومت کو ثابت کردیا ہے کہ جی بی کی عوام باشعور عوام ہے، اب کسی کو انکے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے نہیں دیں گے۔ گلگت بلتستان کی عوام نے جس اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کیا اور اینٹی ٹیکس موومنٹ کی کال پر پہیہ جام ہڑتال کی وہ لائق تحسین ہے۔ آغا علی رضوی نے کہا کہ جس جمہوری انداز سے اپنے غم و غصے کا اظہار کیا اس کے بعد صوبائی حکومت کو ہوش آجانا چاہیئے اور خطے کے خلاف قدم اٹھانے کے تمام عزائم کو ترک کرکے خطے کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی عوام نے آج وفاقی اور صوبائی حکمرانوں کے مظالم کیخلاف پرچم بلند کیا ہے اور یہ پرچم مکمل آئینی صوبہ بننے تک بلند رکھنا چاہیئے۔ حکومت چاہتی ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کو مسلک، ذات پات، لسانیت اور علاقائیت کے نام پر لڑوائے اور عوامی ایشوز سے توجہ ہٹائے جسکی عوام ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔ حراموش کا افوسناک واقعہ بھی صوبائی حکومت کی سازشوں کا شاخسانہ اور عوامی توجہ آئینی حقوق سے ہٹانے کے لیے ہے۔