وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین بلتستان کے رہنماء اور ممتاز سماجی کارکن جی ایم پاروی نے اسلام آباد میں ڈاکٹر کاظم سلیم سے ملاقات کی اور بلتستان خصوصاً کھرمنگ کی سیاسی اور سماجی صورتحال پر گفتگو کی۔ ملاقات میں جی ایم پاروی نے کھرمنگ میں مسلم لیگ نون کے بعض عناصر کی طرف سے سرکاری محکموں میں بے جا مداخلت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار مافیا پچھلے پانچ سال پیپلز پارٹی کا پلیٹ فارم استعمال کرکے کرپشن اور لوٹ مار کرتے ہے، اب یہ لوگ نون لیگ کی حکومتی چھتری استعمال کرکے اپنی کرپٹ روایت کو زندہ رکھنا چاہتے ہیں اور محکمہ تعمیرات عامہ کے بعض کرپٹ آفیسران سے ملکر سرکاری ٹھیکوں میں بندر بانٹ کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نون لیگ نے فوٹو سیشن کے ذریعے کھرمنگ کو جنت بنا دیا ہے لیکن عملی طور کارکرگی صفر ہے۔ تقریبا سال گزرنے کو ہے لیکن سیلاب متاثرین کی ابتک بحالی نہیں ہوسکی، بعض جگہوں پر اپنی پارٹی کے لوگوں کو نوازنے کیلئے غلط سروے کے ذریعے کروڑوں کے تخمینے بنوائے گئے۔ ڈاکٹر کاظم سلیم نے اس موقع پر کہا کہ کرپشن اور بدعنوانی معاشرتی بیماری ہے، اس کا تعلق کسی خاص پارٹی سے نہیں بلکہ بیمار لوگ ہر معاشرے میں پائے جاتے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ معاشرہ ایسے افراد کی حوصلہ شکنی کرے تاکہ معاشرے میں اچھی روایات کو پنپنے کا موقع مل سکے۔ اگر ایسا نہیں کیا گیا تو یہ من حیث القوم ہم سب کی بدبختی ہوگی۔