وحدت نیوز ( بلتستان ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ شام میں امریکی فوجی بحری بیڑوں کا پہنچنا اور جنگ کی تیاری کرنا جہاں شام میں موجود باغیوں اور نام نہاد مجاہدین کے پیچھے موجود امریکی طاقت کا برملا اظہار ہے وہاں یہ جنگ اسرائیل غاصب کی نابودی اور بربادی کی جانب اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ شام میں امریکی فوج مداخلت اور جنگ چھیڑنے کی صورت میں اس کے خطرناک نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی بحری بیڑے اس سے قبل بھی تاریخ میں کئی مرتبہ حرکت میں آئے تھے اور نتائج بھی ہم دیکھ چکے ہیں، امریکہ شام میں فوج اتانے کی ہمت نہیں کرسکتا، اس صورت میں اسرائیل اور سعودی عرب بھی لپیٹ میں آجائے گا، امریکہ اور اسرائیل شام اور حزب اللہ پر نفسیاتی دباؤ بڑھانے اور تکفیری دہشت گردوں سے توجہ ہٹانے اور باغیوں کی شکست فاش کو چھپانے کی ناکام کوشش ہے۔
علامہ علی رضوی نے کہا کہ امریکہ لاکھ طاقت کا مظاہرہ کرے، نہ فلسطین میں تحریک مزاحمت ختم ہوسکتی ہے اور نہ حزب اللہ کمزور ہوسکتی ہے، نہ دہشت گردوں کے ہاتھوں کوئی ملک دے سکتا اور نہ امریکہ کی پسند کا اسلام کہیں نافذ ہو سکتا ہے، امریکہ کا شام پر حملہ نہ صرف یہود و نصاریٰ کے دسترخوانوں پر ہڈیاں چبانے والے نام نہاد اسلامی ممالک کے لئے خطرہ کی گھنٹی ہے بلکہ پوری دنیا میں امریکی مفادات کو بھی شدید خطرات کا باعث ہے۔