شغرتھنگ روڈ کے ساتھ دشمنی کرنے والی حکومت شغرتھنگ پاور پروجیکٹ کا افتتاح کرکے عوام کی آنکھوں میں دھول نہ جھونکیں،اپوزیشن لیڈرکاظم میثم

09 نومبر 2023

وحدت نیوز(گلگت)شغرتھنگ روڈ کے ساتھ دشمنی کرنے والی حکومت شغرتھنگ پاور پروجیکٹ کا افتتاح کرکے عوام کی آنکھوں میں دھول نہ جھونکیں میڈیا کے سوال کا جواب دیتے ہوئے اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی و پارلیمانی لیڈر مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کاظم میثم نے کہا کہ سکردو میں کابینہ اجلاس کا انعقاد مستحسن ہے تاہم اجلاس سکردو اور گلگت میں جبکہ کام کہیں نہ ہو یہ غلط ہے۔ ترقیاتی پروسز میں ناانصافیوں کا ایک سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ موجودہ حکومت ایک طرف شغرتھنگ روڈ کو آگے بڑھنے نہیں دے رہی اور دوسری جانب سابق حکومت کا بلتستان کے لیے دیا گیا بڑا تحفہ 26 میگاواٹ شغرتھنگ پروجیکٹ کا افتتاح کرکے کریڈیٹ سمیٹنے کی کوشش کریں گی۔ اس پروجیکٹ میں شغرتھنگ ستقچن کے عوام کے تحفظات کو دور نہیں کیا گیا ہے۔ ان کے تحفظات دور کیے بغیر کام نہیں کرنے دیں گے۔ نئے انتظامی سربراہ کو سکردو خیرمقدم کرتے ہیں لیکن چیزوں کو کاسمیٹیکل انداز میں دیکھنے کی بجائے ایشیوز کی صحیح تشخیص اور حل کی ضرورت ہے۔ یہاں کے عوام نے 75 سالہ رویہ، انداز اور طور طریقہ دیکھا ہے اور یہاں سے عوام بہت تجربہ کار ہوچکے ہیں۔

 کاظم میثم نے کہا کہ پی ایس ڈی پی سکیموں پر موجودہ حکومت نے کریڈٹ لینا ہے تو ہم کھلے دل سے کریڈیٹ بھی دیں گے عوام بھی سراہیں گے۔ ان میں پیجو روڈ شگر جسے پی ڈی ایم نے اڑیا تھا کواردو پل جسکی نیسپاک سے سروے کے باوجود سی ڈی ڈبلیو پی میں شامل نہیں ہونے دیا تھا، سکردو سے شگر، کھرمنگ اور گانچھے تک جی ایس آر کی توسیع، سکردو کے لیے رکھے گئے سیورج سسٹم جن میں اکثر کی فزیبلٹی بھی جمع ہیں ان کو منظور کراکر اور ماسٹر پلان کو پی ایس ڈی پی سے منظور کراکر عوام سے داد تحسین لیں۔ 250 بیڈ ہسپتال شغرتھنگ روڈ ، شغرتھنگ پاور پروجیکٹ، غواڑی پاور پروجیکٹ ان پہ کریڈیٹ درست نہیں ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ ہمیں کوئی یہ بہانا نہ کرے کہ وفاق پیسے نہیں دے رہا یا بحران ہے دعوی یہ کیا گیا تھا کہ 18 ارب کا بجٹ خسارہ ختم کریں گے، مالیاتی بحران سے نکالیں گے، پی ایس ڈی پی اور اے ڈی پی کے مسائل حل کرائیں گے، گندم کی شارٹیج حل کرائیں گے۔ لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل کرائیں گے، وفاق سے اچھا رشتہ جوڑ کر دودھ اور شہد کی نہریں بہانے کے نام پر اقلیت کی حکومت قائم ہوئی تھی۔ آج کسی قسم کی معذرت ہم قبول نہیں کریں گے۔ کاظم میثم نے مزید کہا کہ شغرتھنگ روڈ پر تاخیری حربہ قابل مذمت ہے۔ اس سکیم کے تاخیر ہونے پر جلد احتجاج کی کال دیں گے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ محروم خطہ بشو کے لیے رکھی گئی برج کے خلاف بھی سازش ہو رہی ہے۔ اس سکیم کے خلاف کوئی سازش کرکے یہ سمجھتا ہے کہ انکی حکومت قائم رہے گی وہ انکی بھول ہے۔ بشو کے عوام کو لے کر گلگت سکردو روڈ غیرمعینہ مدت کے لیے بند کرکے انکو انکی حقیقت دکھادیں گے۔ بشو برج پر جلد کام شروع نہ کرایا تو خدانخواستہ کوئی بڑا سانحہ پیش آسکتا ہے اسکی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔ تمام مراحل سے نکال کر ہم نے آخری مرحلے تک پہنچایا ہی لیکن بعض اس پہ سازش کر رہے ہیں۔لہذا مقتدر حلقوں سے گزارش کرتے ہیں کہ ان حساس ایشیو پر نظر رکھیں اور گلگت بلتستان کی ترقیات میں مزید عدم توازن پیدا نہ ہونے دیں۔ بلخصوص وفاق سے گلگت بلتستان کی طرف یا آرڈر نافذ کرنے کی کوشش ہوتی ہے یا یہاں کے اختیارات کو واپس لینے کی۔ لہذا خطے کی معروضی صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے ایسے اقدام نہ اٹھایا جائے جسکے اچھے نتائج نہ نکلیں۔ جس اسمبلی میں عوامی ایشیوز کو ڈسکس کیا جانا تھا اس پہ اب گرد پڑ گیا ہے اور سیشنز کرنے کو تیار نہیں جبکہ خطے میں گوناگوں مسائل اور چیلنجز ہیں۔ حکومتی خزانہ خالی ہے۔ ایمرجنسی کے لیے دس روپے نہیں۔ کتپناہ میں دریائی کٹاو کے لیے ایمرجنسی قائم کرکے کام کرانے کے لیے تیار نہیں۔ گورنر کی ہدایات کے باوجود اس اہم ایشو پر حکومت نظریں چرا رہے ہیں۔ گورنر کی بھی موجودہ حکومت ماننے کو تیار نہیں ہے۔ علاقے کی روایات اور مہمان داری کے آداب کا خیال نہ ہوتا تو کتپناہ زمین کے متاثرین کو لے کر ڈویژنل کمپلیکس کا گھیراو کرتا۔ چار پانچ مہینے سے عوام کے گھر بار دریائی کٹاو کے زد میں ہے اور حکومت کو ٹس سے مس نہیں۔ اس دورے پر ہر صورت میں کتپناہ کا ایشو حل ہوجانا چاہیے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree