وحدت نیوز(سکردو)اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی و پارلیمانی لیڈر مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کاظم میثم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے فوڈ سکیورٹی کے چیلنجز کے پیش نظر زراعت کو جدید بنیادوں پر استوار کرنے اور خودانحصاری کے لیے ہمارے دور میں اٹھائے گئے اقدامات کو جاری و ساری رکھنا وقت کی ضرورت ہے۔ وزیر زراعت زرعی شعبے کو بہتری کی جانب لے جانے کے لیے پرعزم ہے لیکن صوبائی حکومت کی ترجیحات میں زراعت نظر نہیں آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سال گزشتہ ہم نے وزیراعلٰی کے بلاک سے تین سو پچاس میٹرک ٹن ویٹ سیڈ رکھی تھی اور ہائبریڈ ویجیٹیبل سیڈ کے لیے بھی فنڈز مختص کیے تھے جس کے بے تحاشہ مثبت نتائج آئے اور ہزاروں ٹن گندم کی پیداواریت میں اضافہ ہوا تھا۔ عوام اور زمینداروں کی مثبت فیڈ بیک کو دیکھ کر اس سال بلاک سے ایک ہزار میٹرک ٹن گندم کی بیج کی فراہمی کے لیے مختص کیے تھے لیکن شنید ہے کہ وزیراعلٰی کی ترجیحات میں یہ شامل نہیں ہے۔ میں صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ عوام دوست پالیسی کو جاری و ساری رکھیں اور مزید توسیع دیں بلخصوص گندم کی بیج کی فراہمی بہت مفید پالیسی ہے۔ کاظم میثم نے کہا کہ وزیر زراعت سے یہ توقع رکھتے ہیں کہ کسی صورت بلاک میں مختص اس سکیم کو ضائع ہونے نہیں دیں گے۔