وحدت نیوز(اسلام آباد) رکن جی بی کونسل و پولیٹیکل سیکریٹری مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شیخ احمد علی نوری نے چھ ستمبر یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن دفاع وطن کے لیے ہر قسم کے خطرات کے خلاف ہمارا عزم مضبوط کرتا ہے۔اس دن دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستانی قوم کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 6ستمبر وہ تاریخی دن تھا جس روز ہر مکتبہ فکر کے لوگ اتحاد اور یکجہتی کی علامت بن چکے تھے۔وطن عزیز کی حفاظت کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اس قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 1965کی جنگ میں شہدائے وطن نے ملک دشمن قوتوں کے خلاف جس عزم و استقامت کا مظاہرہ کیا اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ملک دشمنوں کے خلاف آج بھی اسی جرات اور حوصلے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دن ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ وطن عزیز کی حقیقی آزادی، خوداری، خومختاری اور سلامتی کے لئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔