وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے صوبائی سیکریٹری جنرل و معروف عالم دین سید علی رضوی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت سیپ اساتذہ کے معاملے کو مذید پیچیدہ بنا رہی ہے، 1464 میں سے صرف 750 اساتذہ کو مستقل کر کے باقی اساتذہ کو ریگولر نہ کرنا سنگین مذاق ہے، تمام اساتذہ کو ایک ساتھ مستقل کیا جائے، ہم خراج تحسین پیش کریں گے، 1414 اساتذہ کے معاملے کو نمٹانے کیلئے کمیٹی بنانا متاثرہ اساتذہ کو بے وقوف بنانے کی سازش ہے، ہم اس سازش کے پس پردہ محرکات کو بے نقاب کریں گے۔
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیپ اساتذہ کافی عرصے سے خدمات انجام دے رہے ہیں، کئی اساتذہ ایسے ہیں جو مستقل ہونے کی آرزو پوری ہوئے بغیر رحلت کر گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوامی حقوق کیلئے ہر محاذ پر کھڑے ہونگے، کبھی صوبائی حکومت کے جھانسے میں نہیں آئیں گے، سکردو کو منظم سازش کے تحت مسائل کا گڑھ بنا دیا گیا، حکومت یکطرفہ پالیسی بنا کر عوام میں نفرت کا بیج بو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بڑی کرپشن کر رہی ہے ،تمام ادارے کرپشن کا گڑھ بن گئے، ٹھیکوں کی بڑے پیمانے پر بندر بانٹ ہو رہی ہے۔