وحدت نیوز(سکردو) گلگت بلتستان کی معروف عوامی شخصیت، عوامی ایکشن کمیٹی بلتستان کے سربراہ و مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل آغا علی رضوی خون کا عطیہ دینے ضلعی محکمہ صحت کی جانب سے لگائے گئے کیمپ میں پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے پیش نظر ضلعی محکمہ صحت کی جانب سے خون کا عطیہ لینے کے لیے اسکردو شہر میں کیمپ لگایا گیا ہے، جہاں کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے خون دینے والوں کے نام اور تفصیلات درج کیا حاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہزاروں جوانوں نے اپنا فون نمبر اور بلڈ گروپ کا اندراج کرایا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ آغا علی رضوی اپنے کارکنان کے ہمراہ کیمپ میں پہنچ گئے اور اپنا فون نمبر سمیت دیگر تفصیلات کا اندراج کرایا۔ اس سلسلے میں آغا علی رضوی کا کہنا ہے کہ وطن عزیز کو جہاں ہمارے خون کی ضرورت پڑے گی وہاں ہم حاضر ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ہم خون کے آخری قطرے تک پاکستان کی حفاظت کرتے رہیں گے اور کسی صورت وطن عزیز کے دشمنوں کو طاقت ور ہونے نہیں دیں گے۔ یہ دشمن چاہے داخلی دشمن ہوں یا خارجی ہم صف اول کا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری جنگ ملک پر باہر سے حملہ کرنے والوں، ملک کو کمزور کرنے والوں، ملک میں کرپشن کرنے والوں، عوام پر ظلم کرنے والوں اور فرقہ واریت پھیلانے والے تکفیری دہشتگردوں کے خلاف ہے۔ ہمارا ہر ظالم طاقتوں کے خلاف اعلان جنگ ہے اور ہر مظلوم کے ہم حامی ہیں۔