وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل و چیئرمین عوامی ایکشن کمیٹی بلتستان آغا علی رضوی نے اپنے ایک بیان میں اپنی والدہ محترمہ کی وفات پر تعزیت کا اظہار کرنے والوں کا مشترکہ طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ دنوں میری والدہ محترمہ کے سانحہ ارتحال کا صدمہ مجھے برداشت کرنا پڑا جو کہ یقیناً انتہائی تکلیف دہ لمحات اور سخت امتحان ہے۔ امتحان کے اس موقع پر رب کی رضا کے آگے سر تسلم خم کرنا خدا کے بندوں پر فرض ہے۔ سب کو ایک دن اپنے رب کی طرف لوٹ کر جانا ہے۔ دکھ کی اس گھڑی میں اندرون ملک اور بیرون ملک سے بہت سارے احباب نے دعاوں میں یاد کیا، ہماری ہمت بڑھائی، میری والدہ مرحومہ کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی، مجلس ترحیم کا انعقاد کیا اور قرآن خوانی کی پرنور محفلوں کا انعقاد کیا۔ میں ان سب کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں خصوصی طور پر نجف اشرف میں زحمت اٹھانے والے علماء و طلباء، قم اور مشہد کے علماء و طلباء، پاکستان کے علماء، علاقے کے تمام علماء و جوانان، طلباء تنظیمیں، صحافی برادری، مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنماء، تمام مکاتب فکر کے علماء، سوشل میڈیا گروپس، بالخصوص جی بی تھنکرز فورم کے ممبران، سوشل میڈیا پر مغفرت کی دعا اور فاتحہ خوانی کی اپیل کرنے والے دوست احباب، تنظیمی کارکنان، عوامی ایکشن کمیٹی کے ممبران، انجمن تاجران کے ممبران، خطے کی باعفت ماوں بہنوں، عوام، دنیا بھر سے تعزیتی پیغام بھیجنے، غم کی اس گھڑی میں شامل ہونے اور مختلف انداز میں خدمات سرانجام دینے والے تمام احباب کاشکریہ ادا کرتا ہوں۔ آپ سب سے ایک بار پھر اپنی والدہ مرحومہ کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گزارش کرتا ہوں، خدا آپ سب کو جزائے خیر عطا فرما۔