وحدت نیوز(گلگت) محرم الحرام کے دوران حکومت جان بوجھ کر خوف وہراس پیدا کررہی ہے حالانکہ تمام مسلمان نواسہ رسول کا ذکر اپنے مخصوص انداز میں بجا لاتے ہیں اور امام عالی مقام کی بے مثال قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ایک عرصے سے حکومت محرم کے دنوں میں ایسا ماحول پیدا کررہی ہے جیسا کہ ملک دشمن افواج چڑھائی کرنیوالی ہے۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ تمام مسلمان نواسہ رسول کی محبت کو ایمان کا حصہ سمجھتے ہیں اور ایام عزا کے دنوں میں ہرایک اپنے مخصوص انداز میں نواسہ رسول کو پرسہ دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ حکمرانوںکی نااہلی ہے کہ وہ ان ایام کے دوران ہونے والے اجتماعات سے فائدہ نہیں اٹھاتی اور ایسا خوفناک ماحول پیدا کرتی ہے کہ دیکھنے والے کو ایسا محسوس ہورہا ہے کہ ابھی کچھ ہونے والا ہے۔حکومت عقل سے کام لے تو عزاداری کے ان اجتماعات کے ذریعے ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے نجات دلاسکتی ہے۔محرم ظالم پر مظلوم کی فتح کا مہینہ ہے ،ایثار و فداکاری اور امن و آشتی کا مہینہ ہے اور علمائے کرام اور ذاکرین مجالس عزا میں لوگوں کو امن و آشتی کی طرف دعوت دیتے ہیں۔ظلم سے نفرت اور مظلوم سے ہمدردی کی نصیحت کی جاتی ہے ۔حق تو یہ ہے کہ حکومت خود ایسے اجتماعات کا انتظام کرتی جس میں تمام مکاتب فکر کے علماء و دانشور حضرات کودعوت دیکر امن و محبت کے پیغام کو عام کرکے سیکورٹی پر اٹھنے والے کروڑوں اخراجات کو بچالیتے لیکن بدقسمتی سے ملک پر نااہل حکمرانوں کا قبضہ ہے عوام کو سہولت پہنچانے سے زیادہ عوام کو تکلیف پہنچانے کی فکر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اشتعال انگیز تقاریرکرنے والوں اور شرپسندی اور مسلکی اختلافات کو ہوادیکر امن خراب کرنے والوں کے خلاف فوری کاروائی کرکے سخت سے سخت سزا دلوائی جائے تو محرم الحرام کا مہینہ حکمرانوں کے اقتدار کو دوام بخشنے موجب ہوگا۔انہوں نے کہا عزاداری پر بیجا قسم کی پابندیاں عائد کرکے حکومت عوام کو مشتعل کرنے کی بجائے عزاداری کے راستے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرے۔