وحدت نیوز(گلگت) پاکستان پیپلز پارٹی کافرینڈلی اپوزیشن کا سفر جاری و ساری ہے ڈیڑھ مہینے کے وزیر اعظم کے چنائو میں پیپلز پارٹی نے اپوزیشن کا ساتھ نہ دیکر اپنے امیدوار کو میدان میں کھڑا کرکے دوستانہ اپوزیشن کا ثبوت دیا ہے۔وزیراعظم کے امیدوار نوید قمر کی پارلیمنٹ میں تقریر بھی فرینڈلی اپوزیشن کی واضح دلیل ہے۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل عارف قنبری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ شیخ رشید نے اپنی تقریر میں حکومتی مافیا کے کردار پر کھل کر اظہار خیال کیا اور نواز حکومت کی بددیانتی اور کرپشن کا تذکرہ کیا اور سرکاری ٹی وی نے ان کی پوری تقریر بھی نشر نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے جدوجہد کے نتیجے میں گاڈ فادر نواز شریف نااہل ہوئے تھے حق بنتا تھا کہ پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار کی حمایت کی جاتی لیکن پیپلز پارٹی نے اپنا امیدوار لاکر ایک بار پھر نواز حکومت کے ساتھ دوستی نبھائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چار سال تک مرکز میں پیپلز پارٹی اپوزیشن کا کوئی کردار ادا نہیں کیا جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے حکمران جماعت کو ناکوں چنے چبوائے ہیں۔تحریک انصاف کی حکمران جماعت کے خلاف احتجاج پر بھی پیپلز پارٹی سخت نالاں تھی اور جب سپریم کورٹ سے وزیر اعظم کی نااہلی کا یقین آیا تو دوڑے دوڑے سپریم کورٹ آئے لیکن یہاں بھی ان کی دال نہیں گھلی۔حقیقت یہ ہے کہ ان دونوں جماعتوں کے مابین میثاق جمہوریت میں یہ طے پایا ہے کہ مسلم لیگ پیپلز پارٹی کے کرپشن پر پردہ ڈالے گی اور اور احسان کے بدلے احسان کے طور پر پیپلز پارٹی نواز لیگ کے خلاف کوئی کیس نہیں کھولے گی۔ان دونوں جماعتوں نے ایک عرصے سے عوام کا استحصال کیا ہوا ہے انہیں اقتدار عزیز ہوتا ہے چاہے اس کی کوئی بھی قیمت چکانا پڑے۔