وحدت نیوز(گلگت) عوامی ایکشن کمیٹی حقیقی معنوں میں گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے۔ عوامی ایکشن کمیٹی کے 15 اگست کی ہڑتال کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور جب تک گلگت بلتستان کے عوام کے بنیادی مسائل حل نہیں ہوتے یہ جنگ مسلسل لڑتے رہیں گے۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ نیئر عباس مصطفوی نے کہا ہے کہ جتنی دیر علاقے کے عوام کو محروم رکھا جائیگا اسی حساب سے عوامی بیداری بڑھتی ہی چلی جائیگی اور وہ دن دور نہیں جب حکمرانوں کو عوامی مطالبات کے آگے سرتسلیم خم کرنا پڑے گا۔گلگت بلتستان کے عوام اپنے حقوق سے آگاہ ہیں اور پرامن طور پر حقوق کی جنگ لڑرہے ہیں اور اس طویل جنگ میں فتح انشاء اللہ عوام کی ہی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات جائز اور قانونی ہیں جن پر فوری طور پر عمل درآمد ہونا چاہئے۔عوامی ایکشن کمیٹی جس میں تمام جماعتوں کی نمائندگی ہے جس نے اپنے قیام سے لیکر اب تک جی بی کے عوام کی ترجمانی کی ہے اور ایک پرامن جدوجہد کی تاریخ رقم کی ہے نیز گلگت بلتستان کے پرامن ماحول میں ایکشن کمیٹی کا کلیدی کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم عدم تشددکی سیاست پر یقین رکھتے ہیں لیکن اگر حکومت نے ہمارے پرامن احتجاج کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی تو اس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنے حقوق کیلئے پرامن احتجاج ہر کسی کا بنیادی حق ہے اور گلگت بلتستان کے عوام کو حق حاصل ہے کہ وہ اپنے بنیادی مسائل کے حل کیلئے ہر جائز اور قانونی راستہ اختیار کریں۔انہوں نے عوام سے اس ہڑتال کو کامیاب بنانے کی اپیل کے ساتھ ایم ڈبلیو ایم کے کارکنان اور عہدیداروں کو تاکید کی کہ وہ اس پروگرام کو کامیاب کرنے کیلئے ایکشن کمیٹی سے بھرپور تعاون کریں۔