وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری سیاسیات ناصرعباس شیرازی نے کوئٹہ پریس کلب ميں پریس کانفرنس کے دوران حلقہ نمبر 10سے منتخب آزادکونسلر کربلائی عباس علی کی ایم-ڈبلیو-ایم میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ کے رہنماء بشمول ممبر صوبائی اسمبلی آغا رضا ، ڈویژنل سیکریٹری جنرل عباس موسوی اور کونسلر کربلائی رجب علی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
واضح رہے کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے پلیٹ فارم سے عام انتخابات 2013ء میں ملت تشیع پاکستان کے مینڈیٹ سے آغا رضا بلوچستان اسمبلی کے ممبر منتخب ہوئے تھے اور بعدازاں بلدیاتی انتخابات ميں حلقہ نمبر 12 سے کربلائی رجب علی بھی مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے پلیٹ فارم پر ملت تشیع پاکستان کے مینڈیٹ سے کونسلر منتخب ہوئے تھے، حلقہ نمبر9سے آزاد حیثیت سے منتخب ہونے والے کونسلر محمد مہدی بھی ڈویژنل سیکریٹری جنرل عباس موسوی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم ڈبلیوایم میں باضابطہ شمولیت کا اعلان کیا تھا اور اب حلقہ نمبر 10 سے آزاد حیثیت ميں کونسلر کا انتخاب جیتنے والے کربلائی عباس علی نے بھی مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان میں باضابطہ شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔وحدت نیوزکوئٹہ کے نمائندے سید ہادی کے مطابق کوئٹہ کے میئر اور ڈپٹی میئر کے آئندہ انتخاب میں ایم ڈبلیوایم کے کونسلرز کا اہم کردار ہوگا، اس سلسلے میں ایم ڈبلیوایم اور پشونخواہ ملی عوامی پارٹی کے درمیان اتحاد بھی طے پا چکا ہے، امید کی جارہی ہے کہ ایم ڈبلیو ایم ڈپٹی میئر کوئٹہ کے انتخاب میں کامیاب ہو جائے گی۔