وحدت نیوز(کوئٹہ) آل سعود ہمیشہ ہی سے امریکہ اور دیگر استعماری طاقتوں کا آلہ کار رہا ہے، سعودی عرب پر قابض حکمران مسلم دشمن عناصر کے حکم پرقدم اٹھاتے ہیں۔ انہدام جنت البقیع آل سعود کے سیاہ کارناموں میں سے ایک ہے، اسلام کے نام پر اسلام دشمنی کی تمام حدیں آل سعود کے ہاتھوں پار ہو گئی ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے میڈیا سیل سے جاری شدہ بیان میں یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر کہا گیا کہ آل سعود حرمین شرفین اورسر زمین حجاز پر قابض ہوئے ہیں اور دنیا بھر کے مسلمانوں پر مختلف طریقوں سے ظلم کرتے ہیں۔ اسلام دشمنی میں پیش پیش رہنے والے امریکہ اور اسرائیل سے یاری اور انکی تابع داری آل سعود کی حقیقت کی عکاسی کرتی ہے۔
مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ ولایت حسین جعفری نے انہدام جنت البقیع کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جنت البقیع مدینہ منورہ میں واقع ہے ،وہ قبرستان ہے جس میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے اجداد، اہل بیت علیھم السلام ،امہات المومنین، جلیل القدر اصحاب، تابعین اور دوسرے اہم افراد کی قبریں ہیں کہ جنہیں آٹھ شوال 1344 ہجری قمری میں آل سعود نے منہدم کردیا اور افسوس کا مقام ہے کہ یہ سب کچھ اسلامی تعلیمات کے نام پر کیاگیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ عالم اسلام خصوصاً شیعہ و سنی مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء ، دانشور اوراہل قلم کی ذمہ داری ہے کہ ان قبور کی تعمیر نو کے لئے ایک بین الاقوامی تحریک کی داغ بیل ڈالیں تاکہ یہ روحانی اور معنوی اور آثار قدیمہ سے تعلق رکھنے والے اس عظیم نوعیت کے قبرستان کی کہ جس کی فضیلت میں روایات موجود ہیں، حفاظت اور تعمیر نو کے ساتھ یہاں مدفون شخصیات اورہستیوں کی خدمات کا ادنیٰ سا حق ادا کیا جاسکے۔
انہوں نے سعودی پالیسیوں کو ناقص قرار دیتے ہوئے کہا کہ 8 شوال تاریخ جہان اسلام کا وہ غم انگیز دن ہے جب 1344 ہجری قمری کو امریکی تابع دار افراد نے جنت البقیع کے تاریخی قبرستان کو منہدم و مسمار کردیا تھا۔ یہ دن تاریخ اسلام میں یوم الہدم کے نام سے معروف ہے، وہ دن کہ جب بقیع نامی تاریخی اور اسلامی شخصیات کے مدفن اور مزاروں کو ڈھا کر اسے خاک کے ساتھ یکساں کر دیا گیا۔