وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان نے تحریک تحفظ آئین پاکستان کی رکن جماعت پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی جانب سے آٹھ فروری کو بطور یوم سیاہ منانے کے فیصلے کی حمایت کی ہے۔ یہ فیصلہ ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی سیکرٹریٹ کوئٹہ میں گزشتہ شب ایم ڈبلیو ایم علمدار روڑ اور ہزارہ ٹاون کے صوبائی و ضلعی کابینہ کے مشترکہ اجلاس میں ہوا۔
اجلاس میں کہا گیا کہ 4 فروری 2025 کو پشتونخواء عوامی ملی پارٹی کے مرکزی آفس میں ہونے والے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے اجلاس میں اتحادی جماعتوں میں ایم ڈبلیو ایم نے بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے 8 فروری 2024 کے انتخابات میں فارم 47 کے توسط سے بنائی گئی جعلی حکومت کے خلاف کوئٹہ سٹی میں 8 فروری کو یوم سیاہ منایا جائے گا۔ جعلی و بوگس فارم 47 والوں کو پاکستانی عوام مسترد کرتے ہیں۔ غیر منتخب و مسلط شدہ نمائندے ہمیں کسی صورت منظور نہیں ہیں۔
اجلاس میں مشترکہ طور پر فیصلہ ہوا کہ مجلس وحدت مسلمین 8 فروری کو عوامی طاقت کے ساتھ پرامن احتجاج ریکارڈ کرائے گی۔ انہوں نے کہا کہ احتجاجی ریلی میں عوامی طاقت سے ثابت کریں گے کہ پاکستانی عوام اپوزیشن جماعتوں کے ووٹرز و سپورٹر ہیں اور ہماری مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر نااہل حکومت قائم کی گئی ہے۔