وحدت نیوز(کوئٹہ) ایف سی چیک پوسٹ سے مسلح موٹر سائیکل سوار چور کیسے گزر جاتے ہیں؟ تھانہ قائد آباد کے حدود میں گن پوائنٹ پر موٹر سائیکل چوری کی مسلسل وارداتیں پولیس اور ایف سی کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ سٹی کے صدر ارباب لیاقت علی ہزارہ نے قائد آباد تھانہ علمدار روڈ کے حدود میں ہونے والے واردات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے علمدار روڑ اور گلستان ٹاون میں مسلسل موٹر سائیکل چوری کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے علاقہ پولیس اور ایف سی چوکیوں پر معمور اہلکاروں کی کارکردگی کو سوالیہ نشان قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلح ڈاکو اسلحہ سمیت کیسے دیدہ دلیری سے علاقے میں داخل اور گن پوائنٹ پر موٹر سائیکل چوری کر لیتا ہے۔ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے ذمہ دار ادارے پولیس اور ایف سی اپنے فرائض منصبی انجام دینے میں سستی کر رہی ہیں۔ ارباب لیاقت علی ہزارہ نے آئی جی پولیس اور آئی جی ایف سی سے مطالبہ کیا کہ علاقہ میں ہونے والی مسلح موٹر سائیکل سنیچرز کی گرفتاری اور امن و امان یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیا جائے۔