وحدت نیوز(پاراچنار) مجلس وحدت مسلمین فاٹا نے تفتان اور کراچی میں دھشت گردی کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ حکومت نے اپنے آقاوں کو خوش کرنے کیلئے دھشت گردوں کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے ۔ پاراچنار ميں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین فاٹا کے سیکریٹری جنرل شبیر حسین ساجدی نے تفتان میں زائرین اور کراچی ائر پورٹ پر حملوں کی شدید مذمت کی ہے اور حکومت سے دھشت گردوں کے سامنے گھٹنے ٹیکنے کی بجائے موثر اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ شبیر ساجدی کا کہنا تھاکہ حکومت اپنے آقاوں کو خوش کرنے کیلئے دہشت گردوں کے ساتھ نرمی برتھ رہی ہے۔ جس کے باعث تفتان اور کراچی جیسے واقعات پیش آرہے ہیں اور نہ صرف بے گناہ لوگ قتل ہورہے ہیں۔ بلکہ سیکیورٹی فورسز کا بھی بھاری جانی اور مالی نقصان ہورہا ہے۔ شبیر ساجدی کا کہنا تھا کہ اگر حکومت دھشت گردی کے واقعات پر قابو نہیں پاسکتی تو پھر مستعفی ہوکر اہل لوگوں کو حکومت حوالے کریں۔