وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کراچی کے سیکریٹری جنرل سید احسن عباس رضوی نے وحدت ہاؤس ملیر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےبلدیاتی حلقہ بندیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ غیر منصفانہ اور متعصبانہ حلقہ بندیاں کسی صورت قبول نہیں،الیکشن کمیشن آف پاکستان یونین کونسل 3 جعفرطیار کی غیر منطقی حلقہ بندیوں کا فوری نوٹس لے، ایک یونین کونسل کے ووٹرز کی تعداد کو صوبائی اسمبلی کے حلقے کے برابر مقرر کرنا کہاں کی دانشمندی ہے ۔
انہوں نےکہا کہ نئی حلقہ بندی میں یونین کونسل کے مرکزی علاقوں کو نکال کر یونین کونسل نمبر 2 میں شامل کردیا گیاہے ۔ اس اقدام سے نا صرف علاقہ عوام کو ووٹ کاسٹ کرنے میں دشواری کا سامناہوگا بلکہ نئے بلدیاتی سیٹ اپ کی تشکیل کے بعد اپنے عوامی مسائل کےحل کیلئے بھی در در کی ٹھوکریں کھانی پڑیں گی، جعفرطیار سوسائٹی کے تمام سروے ایک ہی یونین کونسل کا حصہ ہونے چاہئیں ۔انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیوایم نے 2 پرپوزلز کے ساتھ یونین کونسل 3 جعفرطیار کی حلقہ بندیوں پر اعتراض تیار کرلیا ہے جو کہ جلد جمع کروادیا جائے گا۔ اگر حلقہ بندیوں کی منصفانہ تقسیم نہ ہوئی تو اہلیان جعفرطیار سوسائٹی اپنا بھرپور احتجاج ریکارڈ کروائیں گے ۔