وحدت نیوز(خیرپور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندہ کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی کی قیادت میں ایک وفد نے ایس ایس پی خیرپور اظفر مہیسر سے ملاقات کی ، اس موقع پر ضلع چیئرمین خیرپور شہریار خان وسان ،صوبائی ڈپٹی سیکریٹری جنرل مولانا نشان حیدر ساجدی، مولانا محمد نقی حیدری ، مولانا سعید احمد و دیگر موجود تھے۔ ملاقات میں عظمت علی و زہراء ؑ کانفرنس خیرپور کے انتظامات اور سیکورٹی مسائل کو فائنل کیا گیا۔ اس موقع ایس ایس پی نے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
درایں اثناء عظمت علی و زہراء ؑ کانفرنس کے سلسلے میں مدرسہ امام علی ؑ کنب میں اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندہ کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ لاہور میں دھشت گردی کا واقعہ ریاستی اداروں کے کردار پر سوالیہ نشان ہے، جب آئی جی پنجاب اور وفاقی وزیر داخلہ دھشت گردوں کے وکیل صفائی بن جائیں تو دھشت گردی کا خاتمہ ممکن نہیں۔ حکمرانوں کا منافقانہ رویہ اور دھشت گردوں سے ہمدردی ، دھشت گردی کے خاتمہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ۹ اپریل کو کنب میں محب وطن پاکستانیوں کا دھشت گردی کے خلاف عظیم الشان اجتماع ہوگا۔ اجلاس سے صوبائی ڈپٹی سیکریٹری جنرل مولانا نشان حیدر ساجدی، مولانا محمد نقی حیدری ، مولانا سعید احمد و دیگر نے خطاب کیا۔