لبیک یا رسول اللہ ﷺ کانفرنس دھشت گردی اور نفرتوں کے خلاف ، اتحاد بین المسلمین اور احترام انسانیت کا عملی مظاہرہ ہوگی،علامہ مقصودعلی ڈومکی

21 دسمبر 2016

وحدت نیوز (حیدرآباد) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندہ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی نے لبیک یا رسول اللہ کانفرنس کے سلسلے میں حیدر آباد پریس کلب میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کی، اس موقع پر صوبائی سیکریٹری فلاح برادر عالم کربلائی، سیکریٹری نشر و اشاعت آغا ندیم جعفری، ضلعی سیکریٹری جنرل رحمان رضا ایڈوکیٹ، مولانا نثاراحمد، مولانا سیف علی حیدری، وقار حیدر ودیگر ہمراہ تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصودعلی ڈومکی نے کہا کہ 25 دسمبر کو حیدر آباد میں تاریخی لبیک یا رسول اللہ ﷺ کانفرنس دھشت گردی اور نفرتوں کے خلاف ، اتحاد بین المسلمین اور احترام انسانیت کا عملی مظاہرہ ہوگی، جس میں تمام مکاتب اور مسالک کے لوگ شریک ہوکر امن و اتحاد کا عملی درس دیں گے۔ جبکہ اس کانفرنس کا اہم مقصد دھشت گردی اور نفرتوں کے خلاف سندہ کے بہادر عوام کا مشترکہ احتجاج رکارڈ کرانا ہوگا۔ کیونکہ اس وقت پاکستان دھشت گردی کی آگ میں جل رہا ہے مسجد، امام بارگاہ، درگاہ ، اسکول، بازار سمیت کوئی جگہ اور کوئی شخص محفوظ نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ  حکمرانوں کا رویہ دھشت گردوں کے سہولت کار کے طور پر سامنے آرہا ہے، کمیشن رپورٹ صداقت پر مبنی ہے وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ نے غلط بیانی کی، اور نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہیں ہورہا۔ کمیشن رپورٹ سے ہمارے دعوے کی تصدیق ہوتی ہے کہ حکمران دھشت گردی کے خاتمے میں سنجیدہ نہیں بلکہ نیشنل ایکشن پلان کو مس یوز کررہے ہیں، اسے دھشت گردوں کے خلاف استعمال کرنے کی بجائے امن پسند شہریوں اور سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے، مذہبی اور شہری آزادی سلب کرنے کے لئے ایکشن پلان استعمال کیا جا رہا ہے ۔ ارباب اقتدار کی نظر میں آج بھی ظالم اور مظلوم برابر ہیں، قاتل اور مقتول کے درمیان کوئی فرق نہیں۔ فوجی عدالتوں کے باوجود شکارپور ، جیکب آباد اور کراچی سمیت ہزاروں مظلوم شہداء کے وارث آج بھی انصاف کے منتظر ہیں۔

اس تاریخی کانفرنس میں شرکت کے لئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادا حامد رضا، ملی یکجہتی کونسل سندہ کے سیکریٹری جنرل خطیب اہل سنت مولانا قاضی احمد نورانی، جئے سندہ محاذ کے چیئرمین ریاض حسین چانڈیو، پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی نائب صدر حلیم عادل شیخ، جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی جنرل سیکریٹری مولاناراشد محمود سومرو، قومی عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایاز لطیف پلیجو و دیگر کو دعوت دی گئی ہے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree