وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی، ضلعی سیکرٹری جنرل علامہ قاضی نادر حسین علوی، محمد عباس صدیقی اور ثقلین نقوی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پانامہ لیکس نے کرپٹ حکمرانوں کے چہروں سے نقاب الٹ کر انہیں بےنقاب کر دیا ہے۔ وزیراعظم کو فوری مستعفی ہو کر اپنے آپ کو تحقیقات کیلئے پیش کر دینا چاہیئے۔ پانامہ لیکس کی رپورٹ منظر عام پر آنے اور اس میں حکمران خاندان کی آف شور کمپنیوں کی تفصیلات شائع ہونے کے بعد اپنے مشترکہ بیان میں ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی عجب کرپشن کی غضب کہانی منظر عام پر آنے سے پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی اور جگ ہنسائی ہوئی ہے۔ اب پانامہ لیکس کی رپورٹ جاری ہونے کے بعد حکمرانوں کے اپنے عہدوں پر فائز رہنے کا جواز ختم ہوچکا ہے۔ قوم جاننا چاہتی ہے کہ جب اس رپورٹ کے شائع ہونے کے بعد بھارت سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں حکمرانوں کے خلاف تحقیقات شروع ہوچکی ہیں تو پھر پاکستان میں ایسا کیوں نہیں ہو رہا۔ یہ پاکستان کے مقتدر اداروں پر بھی سوالیہ نشان ہے۔ اس رپورٹ سے ثابت ہوگیا ہے کہ موجودہ حکمران خاندان ہی پاکستان میں معاشی دہشت گردی کا بانی اور سرپرست ہے۔