وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحد ت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا ہے کہ (ن) لیگ اپنی ’’دوستی ‘‘کیلئے ملک کو آگ کی دلدل میں دھکیلنے سے بازرہے ورنہ قوم حکمرانوں کو چلتا کر یگی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان اور ڈیرہ غازی خان کے دورہ کے موقع پر مختلف وفود سے ملاقات میں کیا،علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ یمن کے معاملے پر حکمرانوں کو جوش کی بجائے ہوش سے کام لینا ہو گا کیونکہ ان کے کسی بھی غلط فیصلے سے ملک کی سالمیت داؤ پر لگ سکتی ہے اور امن ایک خواب بن کر رہ جائے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آج اگر دہشت گردی اور انتہاپسندی نے ملک کا امن تباہ کر رکھا ہے تو اسکی بنیادی وجہ یہ ہی کہ ایک آمر حکمران نے ملکی مفادات کی بجائے غیروں کی جنگ لڑ نے کا فیصلہ کیا اور آج پو ری قوم اس غلطی کے نتائج بھگت رہی ہے اس لیے موجودہ حکمران اپنی فوج کسی دوسرے ملک بجھوانے جیسے ملک اور عوام دشمن فیصلے سے باز رہے ہیں ورنہ آنیوالی تباہی کا ذمہ دار کوئی اور نہیں موجود حکمران ہی ہونگے اور انہیں اسکا مکمل جواب دینا ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کی قیادت کی کسی سے ’’دوستی ‘‘ہے تو یہ انکا یہ ذاتی معاملہ ہے ملک اور قوم کا اس سے کوئی تعلق ہے اور نہ ہی حکمرانوں کو ذاتی فائدے کیلئے ملک کو داؤ پر لگانا چاہیے ۔