وحدت نیوز (کمالیہ) جنرل سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین کمالیہ سید محسن نقوی نے کہا ہے کہ لاہور چرچ پر حملہ صرف کرسچن کمیونٹی پر ہی نہیں بلکہ پورے ملک پر حملہ ہے۔ یہ پاکستان میں مذہبی فسادات پھیلانے کی ایک گھناؤنی سازش ہے، ہمیں اتحاد و اتفاق اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے ناکام بنانا ہوگا۔ ہم نے قیام امن کیلئے ہمیشہ حکومت کے ساتھ تعاون کیاہے۔ ضرب عضب آپریشن کو پنجاب میں بھی شروع کرنا چاہیے۔ ہماری فوج نہایت بہادری کے ساتھ دہشتگردوں کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے، پوری قوم پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ اقلیتوں کی عبادتگاہوں کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہونا چاہیے۔ ہم اس وقت حالت جنگ میں ہیں اور ایسے حالات میں یہ واقعہ رونما ہونا سیکورٹی کی ناقص صورتحال کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہے۔ لاہور میں مشتبہ افراد پر تشدد بھی قابل مذمت ہے۔ عوا م کو قانون ہاتھ میں لینے کا حق حاصل نہیں ہے۔ جو بھی افراد پکڑے گئے تھے انہیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کر دینا چاہیے تھا۔ وقت کی ضرورت ہے کہ ایک ٹارگٹڈ طرز کا آپریشن پنجاب بھر میں شروع کیا جائے اور کالعدم تنظیموں کا قلع قمع کیا جائے۔