وحدت نیوز (لاہور) پاکستان کے پر امن شیعان حیدر کرار کو بلا جواز مقدمات میں کیوں پھنسایا جا رہا ہے ۔جبکہ پولیس بھی پر امن افراد کو گرفتار کرنے پر دکھ کا اظہار کرتی ہے جبکہ وہ پنجاب حکومت کے جائز ناجائز حکم کوماننے کی پابند ہے ۔ جن افراد کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ان کو فورتھ شیڈول میں ڈال کر مشکلات سے دو چار کیا جا رہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے صوبائی آفس میں مختلف اضلاع سے آئے ہوئے وفود سے ملاقات کے دوران کیا ۔انہوں نے کہا کہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ حکومت پنجاب آخر کس کو خوش کرنے کے لیے شیعہ مسلمانوں کو اپنے ظلم کا نشانہ بنا رہی ہے۔پنجاب میں ذاتی پسند نا پسندکی بنیاد پر شیعان حیدر کرار کو جیلوں میں ڈالنے کی تیاریاں عروج پر ہیں۔جبکہ پر ان افراد کو گرفتار کرنے اور ان کے خلاف مقدمات قائم کرنے کی مثال کسی مہذب ملک میں نہیں ملتی۔انہوں نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گناہ گاروں کوجیل میں ہونا چاہیے تھا جبکہ اس کے برعکس دہشت گردوں اور سماج دشمن آزاد پھر رہے ہیں اور پر امن شیعان حیدر کرار مقدمات کی سختیاں جھیل رہے ہیں ۔