وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام حلقہ این اے 120 اسلام پورہ حیدر روڈ پر پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کے حق میں جلسہ منعقد کیا گیا،انتخابی جلسے میں بڑی تعداد میں حلقہ این اے 120 کے ووٹرز کارکنان نے شرکت کی ،جلسہ میں سنی اتحاد کونسل کے کارکنا ن بھی شریک ہوئے،انتخابی مہم کے سلسلے میں مجلس وحدت مسلمین کے جلسے سے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی،سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ مبارک موسوی،علامہ حسن ہمدانی،سید حسن رضا نقوی،سید حسن کاظمی،سید حسین زیدی،آغا نقی مہدی،رائے ناصر علی،رانا ماجد علی،خرم زیدی،سنی اتحاد کونسل کے چئیرمین صاحبزادہ حامد رضا،پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوں چوہدری سرور،اعجاز چوہدری،عبدالعلیم خان،این اے 120 کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد نے شرکت کی۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سید اسد عباس نقوی نے کہا کہ انشااللہ ن لیگ کو سترہ ستمبر کو عدلیہ کے بعد قوم بھی مسترد کریگی،نواز شریف اور اس کے خاندان نے عوام کو غربت مہنگائی اور بے راوز گاری کے سوا کچھ نہیں دیا،آل شریف کا سیاسی دور ختم ہوچکا،انشااللہ حلقہ این اے 120 کے محب وطن عوام نے سترہ تاریخ کو فیصلہ کرنا ہے کہ وہ پاکستان میں انصاف اور دختر پاکستان کو منتخب کرنا ہے یا مودی کے یاروں کو خوش کرنا ہے،یقیناََ زندہ دلان لاہور قومی لٹیروں اور مودی کے یاروں کو مسترد کرینگے،اور نیا پاکستان کی بنیاد رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ علامہ مبارک موسوی نے کہا کہ ن لیگ کی شکست نوشتہ دیوار ہے،آج تعجب ہے کہ ان کو زائرین بھی یاد آرہے ہیں اور عزادار بھی،ہمیں سانحہ راجہ بازار یاد ہے،اور اس میں ن لیگی وزراء کے کردار سے بھی واقف ہیں،ملت جعفریہ اپنے سیاسی حقوق کے لئے میدان میں اتر چکی ہے،ہم انشااللہ ن لیگ کے ظلم ستم کا صلہ این اے 120 اور 2018 کے الیکشن میں سود سمیت چکا دینگے،اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنماوں نے مجلس وحدت مسلمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن دہشتگردی اور انتہا پسندی کیخلاف ملکی ترقی کی سفر میں پی ٹی آئی اور ایم ڈبلیوایم ہمیشہ ساتھ رہے گی۔