وحدت نیوز(اسلام آباد) کراچی سے تعلق رکھنے والے معروف عالم دین مولانا حیدرعباس عابدی کو مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی شوریٰ عالی کا سیکرٹری منتخب کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق شوریٰ عالی کے گذشتہ اجلاس میں اراکین نے مولانا حیدر عباس عابدی کو شوریٰ عالی کا سیکرٹری منتخب کیا، مولانا حیدر عباس عابدی اس سے قبل امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی مرکزی نظارت کے رکن بھی رہ چکے ہیں جبکہ وہ کراچی میں تنظیمی حوالوں سے ایک اہم شخصیت شمار کئے جاتے ہیں۔ مولانا حیدر عباس عابدی قم المقدسہ سے فارغ التحصیل ہیں اور کئی مجلہ جات کے مدیر ہیں۔ واضح رہے کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے تنظیمی سیٹ اپ کے مطابق تنظیم کے اعلٰی اختیاراتی ادارے شوریٰ عالی کے سیکرٹری کی ذمہ داریوں میں شوریٰ عالی کے اجلاس کو بلانے سمیت اس کے اجلاس کے تمام ریکارڈ کی تیاری و دیگر اہم کام شامل ہیں۔ مولانا شیخ محمد حسن صلاح الدین ایم ڈبلیو ایم کی شوریٰ عالی کے سربراہ کے طور پر اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں جبکہ مولانا حیدر عباس عابدی ان کے معاون کے طور پر اپنی خدمات انجام دیں گے۔