وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات شیطانوں ،فرعونوں، ظالموں اور قاتلوں سے مذاکرات ہیں،نواز شریف ملک میں یزید کی شریعت نافذ کرنا چاہتے ہیں،طالبان سے طالبان مذاکرات کررہے ہیں،مذاکرات کا ڈھونگ ختم کیا جائے اور دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے ایم ڈبلیوایم کوئٹہ ڈویژن کے تحت کوئٹہ میں علمدار روڈ شہداء چوک پر منعقدہ پیام شہدا و اتحاد ملت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس میں ہزاروں کی تعداد مرد و خواتین اور بچوں اور بوڑھوں نے سخت سردی اور بارش میں شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے طالبان سے مذاکرات نامنظور ، امریکہ مردہ باد، نواز حکومت شرم کرو کے نعرے بلند کئے۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طالبان سے مذاکرات شیطانوں سے مذاکرات ہیں ، فرعونوں، ظالموں اور قاتلوں سے مذاکرات ہیں، ہم اپنا خون دیدیں گے لیکن وطن کے ساتھ خیانت کو قبول نہیں کریں گے، انہیں پاکستان کی مظلوم عوام اور شہداء کے خانوادے مسترد کرتے ہیں، یہ شہداء کے خون سے خیانت کے مترادف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ضیائی اسٹیبلشمنٹ کے فیصلوں کو آج اس ملک میں نافذ کیا جارہا ہے اور امریکہ اور سعودی عرب کی سرپرستی میں پاکستان کو بدامنی کا شکار کیا جارہا ہے، دہشت گردوں کے حامی اب ایکسپوز ہوچکے ہے، داڑھی والے اور کلین شیو طالبان عیاں ہورہے ہیں، نواز شریف اور اس کے ساتھی اور خاص مسلک کے دہشت گرد ایک ہورہے ہیں لیکن آج شیعہ و سنی مظلوم بیدار ہیں اور ضیائی اسٹیبلشمنٹ کے ایجنڈے کو ناکام بنائیں گے او ر طالبان اور ان کے حامیوں کو رسوا کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ طالبان سے طالبان مذاکرات کررہے ہیں، ہمیں ایک بڑی جدوجہد شروع کرنے لئے اپنے آپ کو آمادہ کرنا ہوگا جس کا رخ اسلام آباد کی طرف ہوگا، پاکستان کی تمام محب وطن قوتوں کو اکھٹا ہونا ہوگا، ہمارے حکمرانوں سے پاکستان کو خطرہ ہے، ہم اس کو بچانے کیلئے ہر ممکن جدوجہد کریں گے، فرعون اور یزید کے فرزند پاکستان کی سالمیت کیلئے خطرہ ہیں۔