وحدت نیوز (اسلام آباد) نواز شریف کی طالبان نواز حکومت کی ایماء پر جناح کنونشن سینٹر میں قومی امن کنونشن کا اجازت نامہ منسوخ کرنے کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر ڈی چوک پر کنونشن کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق رات گئے اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے قومی امن کنونشن کا اجازت نامہ منسوخ ہونے کے بعد مجلس وحدت مسلمین پاکستان، سنی اتحاد کونسل اور وائس آف شہداء کے رہنماؤں کے حکم پر ڈی چوک پر پنڈال کی تیاری کا کام شروع کیا گیا جو کارکنان کی انتھک محنت کے بعد اب مکمل ہوگیا ہے۔ پنڈال میں اسٹیج کے ساتھ شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی (رہ) اور صاحبزادہ فضل کریم (رہ) کی بڑی تصاویر آویزاں کی گئیں ہیں۔ پروگرام کی تیاری کے دوران مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ شفقت شیرازی اور سنی اتحاد کونسل کے رہنما مفتی سعید رضوی بھی موجود ہیں۔ پنڈال کی سیکورٹی کے فرائض وحدت یوتھ کے رضاکار انجام دے رہے ہیں۔ اس موقع پر میڈیا سیل سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ شفقت شیرازی نے مجلس وحدت مسلمین کے کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ برادران نے رات گئے خون جما دینے والی سردی کے باوجود جس ہمت کا مظاہرہ کیا اس کی نظیر نہیں ملتی، برادران کا یہ خلوص ہے کہ اسلام آباد انتظامیہ کی سازشوں کے باوجود ہم اپنے پروگرام کو منعقد کررہے ہیں اور انشاء اللہ دنیا دیکھے گی کہ ملک کو فرقہ واریت کی آگ میں دھکیلنے کی سازش کرنے والوں کے خلاف قومی امن کنونشن ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔