وحدت نیوز (اسلام آباد) نواز شریف کی طالبان نواز حکومت نے شیعہ سنی اتحاد سے خوفزدہ ہوکر ’’ قومی امن کنونشن‘‘ کا اجازت نامہ منسوخ کردیا۔ سنی اتحاد کونسل، مجلس وحدت مسلمین اور وائس آف شہداء کے زیراہتمام ہونے والا کنونشن اب ڈی چوک پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے منعقد ہوگا۔ راولپنڈی اسلام آباد کے شیعہ سنی عوام کو اس کنونشن میں بھرپور شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔ کنونشن میں انٹری کیلئے کسی دعوت نامہ کی ضرورت نہیں ہے۔ قومی امن کنونشن کے چیئرمین کنونشن اسد عباس نقوی نے میڈیا سیل سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ نواز شریف کی حکومت نے طالبان کی سرپرستی کا ثبوت دیدیا ہے، وارثان شہداء اور پاکستان کے بانیان کی جانب سے ملکی سلامتی کیلئے منعقدہ کانفرنس کا اجازت نامہ منسوخ کرنا وطن عزیز سے غداری ہے، سپریم کورٹ فی الفور اس معاملے کا نوٹس لے اور نواز شریف کی جانب سے دہشت گردوں کی سرپرستی کے اس اقدام کا نوٹس لے۔