وحدت نیوز( سکھر) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے ایک پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن اور اسلام دشمن طالبان دہشت گرد پاکستان کے معصوم عوام کو قتل کر رہے ہیں اور حکمران طالبان دہشت گردوں اور عوام کے قاتلوں کو تحفظ دینے میں مصروف عمل ہیں، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مختار امامی، سیکرٹری سیاسیات عبد اللہ مطہری ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل عالم کربلائی اور سکھر ڈویژن کے سیکرٹری جنرل چوہدری اظہر حسن بھی موجود تھے۔
سکھر پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کاکہنا تھا کہ اولیاء اللہ کی سر زمین سندھ کے علاقے خیر پور میں سولہ مارچ کو ہونے والی ’’لبیک یا رسول اللہ (ص)‘‘ کانفرنس ملک کی تاریخ میں شیعہ و سنی مسلمانوں کی وحدت کا عظیم الشان مظہر ثابت ہو گی ، ان کاکہنا تھا کہ ’’لبیک یا رسول اللہ (ص)‘‘ کانفرنس میں ملک کی مایہ ناز شخصیات ، دانشور، جید علمائے کرام، شہداء کے خانوادوں سمیت اہم ترین شخصیات شرکت کریں گی۔انہوں نے سکھر انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سکھر انٹظامیہ بدمعاش اور تکفیری دہشت گرد ٹولوں کی ایماء پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی ’’لبیک یا رسول اللہ (ص)‘‘ کانفرنس کو سبو تاژ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں تاہم شیعہ و سنی عوام کا عظیم الشان اجتماع اپنے مقررہ وقت اور تاریخ پر ممتاز گراؤنڈ خیر پور میں منعقد کیا جائے گا اور اگر حکومت نے کسی قسم کی رکاوٹ کھڑی کرنے کی کوشش کی تو سنگین نتائج کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہو گی۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے تھر میں بھوک اور پیاس کی شدت سے جانبحق ہونے والے معصوم انسانوں کی جانوں کے زیاں کو حکمرانوں کی نا اہلی اور سستی اور کاہلی قرار دیا اور عوام سے مطالبہ کیا کہ عوام تھر کے عوام کی مد دکے لئے دل کھول کر عطیات جمع کروائیں اور بھوک او ر پیاس کی شدت سے موت اور زندگی کی کشمکش میں پھنسے معصوم انسانوں کی مدد کی جائے۔
علامہ راجہ ناصر عبا س جعفری نے پاکستان کی خارجہ پالیسی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو سعودی عرب اور دیگر عرب ممالک کی ایماء پر امریکی اورصسیہونی اسکیم کا حصہ نہیں بننا چاہئیے بلکہ پاکستان کو چاہئیے کہ شام اور مشرق وسطیٰ سے متعلق اپنی سابقہ پالیسی پر کاربند رہے اور امریکی اور اسرائیلی اتحادی سعودی عرب اور دیگر عرب ممالک کی ایماء پر پاکستان کی خارجہ پالیسی کو تبدیک کرنے سے گریز کرے، انہوں نے متنبہ کیا کہ پاکستان دہشت گردوں کی آمجگاہ بنا ہوا ہے اور ایسے حالات میں دہشت گردوں کی سرپرست حکومتوں کی ایماء پر بنائی جانے والی پالیسی کے باعث دہشت گردوں اور ملک دشمن قوتوں کے حوصلے بلند ہوں گے جو پاکستان کی بقاء اور سلامتی کے لئے سنگین خطرہ ہے۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ مورخہ نو مارچ کو ڈیرہ الہ یار اور سولہ مارچ کو خیر پور میں لبیک یا رسول اللہ کانفرنس کا انعقاد ملک کی سلامتی اور بقاء اور شیعہ و سنی مسلمانوں کے اتحاد کا عظیم الشان مظہر ہو گا۔