وحدت نیوز(جیکب آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ اس وقت دنیا ظلم اور بربریت سے بھر چکی ہے۔ شیطان بزرگ امریکا اور شیاطین عالم مل کر اقوام عالم کا استحصال کر رہے ہیں۔ ہر طرف ظلم و بربریت جاری ہے۔ ایسے میں دنیا ایک نجات دہندہ کے انتظار میں ہے جو پوری دنیا کو ظلم اور بربریت سے پاک کرکے زمین پر عدل و انصاف کا نظام قائم کرے۔ جس کا وعدہ تورات، زبور، انجیل اور قران مجید میں دیا گیا ہے۔ انبیاء الٰہی نے جس منجی عالم بشریت کا تذکرہ کیا ہے، آج پوری انسانیت اس امام مہدی علیہ السلام کے انتظار میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد میں رئیس لیاقت علی سولنگی اور رئیس محبت علی سولنگی کی رہائش گاہ پر جشن میلاد حضرت علی اکبر علیہ السلام و میلاد منجی بشریت حضرت امام مہدی علیہ السلام کی مناسبت پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ آسمانی کتابوں اور انبیاء الٰہی نے بشریت کو ایک ایسے عادل الٰہی رہبر کی خوشخبری دی ہے جو آخر الزمان میں آ کر پوری دنیا کو عدل و انصاف سے بھر دے گا، اور دنیا سے ظلم و ستم کے آثار مٹا دے گا۔ امت مسلمہ آج منجی بشریت حضرت امام مہدی علیہ السلام کے انتظار میں ہے اور خدا کی زمین پر مستضعفین محرومین کی حاکمیت کا وقت قریب آ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے مستضعفین نے رہبر کبیر حضرت امام خمینی کی قیادت میں اڑھائی ہزار سالہ شہنشاہیت کو عبرتناک شکست دی۔ یمن کے مستضعفین نے آٹھ سالہ جنگ میں امریکہ اور سعودی عرب کی سربراہی میں قائم 39 ممالک کے ظالم لشکر کو عبرتناک شکست دی۔ حماس جہاد اسلامی اور حزب اللہ کے مقابلے میں 15 مہینے جنگ کے بعد امریکہ اور اسرائیل کو غزہ میں ذلت امیز شکست ہوئی اور غزہ، لبنان و یمن کے مظلوموں کو ظالموں کے مقابلے میں فتح اور نصرت حاصل ہوئی۔